قومی اسمبلی سیکرٹریٹ اخراجات میں کمی کا سرکلر جاری

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ اخراجات میں کمی کا سرکلر جاری

اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے اسمبلی سیکریٹریٹ کے اخراجات میں کمی لانے کے عملی قدم اٹھاتے ہوئے کفایت شعاری کے حوالے سے سرکلر جاری کر دیا ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کے اسمبلی سیکرٹریٹ کے اخراجات میں کمی لانے کیلیے اقدامات کو عملی جامہ پہناتے ہوئے سیکریٹریٹ کے اسٹیشنری سمیت دیگر آئٹمز میں 50 فیصد کٹوتی کا فیصلہ کیا گیا ہے اور کفایت شعاری کے اقدامات کے حوالے سے سرکلر بھی جاری کر دیا گیا ہے۔سرکلر میں کہا گیا ہے کہ ملک کو درپیش مالی چیلنجز کے پیش نظر اخراجات میں کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے اور عوامی پیسے کی بچت کو یقینی بنانے کیلیے سخت کفایت شعاری اقدامات کیے ہیں۔ اس سلسلے میں تمام افسران اور شعبوں کو کفایت شعاری اقدامات پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

سرکلر میں کہا گیا ہے کہ اسٹیشنری استعمال میں کمی کے لیے کاغذ کے دو طرفہ استعمال کو ہر صورت یقینی بنایا جائے جب کہ اسمبلی سیکرٹریٹ کو غیر استعمال شدہ سرکلر کا دوبارہ استعمال میں لانا ضروری قرار دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ سرکلرز کی فالتو کاپیاں جن میں خالی جگہ ہو، ڈرافٹ تیار کرنے کیلیے استعمال کی جائیں۔سرکلر میں ٹیلیفون کے غیر ضروری بلوں میں کمی لانے کے لیے بھی اقدامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ جن افسران کے دفتر کے ٹیلیفون پر حد مقرر نہیں، وہ ٹیلیفون کے استعمال کو کم سے کم کریں۔اس حوالے سے اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا ہے کہ غیر ضروری اخراجات میں کمی لا کرمالی مشکلات پر قابو پایا جا سکتا ہے۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں