آئینی ترامیم،حکومت کی بڑی کامیابی، مولانا بھی راضی
حکومتی ذرائع کا دعویٰ ہے کہ مولانا فضل الرحمان کے تحفظات دور کر دیئے گئے ہیں۔حکومتی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ فضل الرحمان آئینی ترمیم سے متعلق حکومت کا ساتھ دینگے، آئینی ترمیم ایک جامع پیکچ ہے جس میں آئینی عدالت بنائی جائیگی، آئینی عدالت کیلئے ججز کی تقرری کا بھی طریقہ کار وضع کیا جا رہا ہے۔ذرائع کے مطابق آئینی عدالت کیلئے نئے سرے سے ججز کی تقرری ہو گی،
آئینی عدالت بنانے کا مقصد عام سائلین کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ رات ہونیوالی ملاقات میں مولانا فضل الرحمان اور بلاول بھٹو زرداری نے اختلافی معاملات کو سلجھایا جس کے بعد قومی اسمبلی اور سینیٹ میں آئینی ترمیم آج پیش کئے جانیکا امکان ہے۔حکومتی ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی اور سینیٹ میں حکومت کے نمبر پورے ہیں، منحرف ارکان کے ووٹ سے متعلق بھی ترامیم کی جا رہی ہیں جبکہ آئین کے آرٹیکل 63 اے میں ترمیم کیلئے بھی مسودہ تیار ہے۔حکومتی ذرائع نے سینیٹ میں بھی آئینی ترامیم کے لیے نمبر گیم مکمل ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔اس سے قبل مسلم لیگ ن کے رہنما اور ممبر قومی اسمبلی طارق فضل چوہدری نے بھی دعویٰ کیا تھا کہ آئینی ترمیم کے لیے حکومت کے نمبر پورے ہیں۔