8ستمبر کا دن پاک بحریہ کی تاریخ کا سنہرا باب ہے،نیول چیف

8ستمبر کا دن پاک بحریہ کی تاریخ کا سنہرا باب ہے،نیول چیف

سمندری حدود کے نگہبانوں کو سلام پیش کرنے کیلئے ملک بھر میں یوم بحریہ آج ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے، آج یوم بحریہ اس عزم کیساتھ منایا جا رہا ہے کہ سمندری حدود کی حفاظت کیلئے بحری محافظ ہمہ وقت تیار ہیں۔جنگِ ستمبر میں پاک بحریہ کی شاندار کارکردگی کی یاد میں ہر سال آٹھ ستمبر کو یومِ بحریہ کے طور پر منایا جاتا ہے، اس دن پاک بحریہ نے پاکستان کی بری اور فضائی افواج کے شانہ بشانہ رہ کر دشمن کے دانت کھٹے کئے۔ آپریشن دوارکا میں پاکستان نیوی نے دشمن کے دلوں پر جو لرزہ طاری کیا، اسی کی یاد میں آٹھ ستمبر کو پاک بحریہ کا دن منایا جاتا ہے۔1965کی جنگ میں بری، بحری اور فضائی افواج نے دفاع وطن کا فریضہ بھرپور طریقے سے انجام دیا

لیکن آٹھ ستمبر کا دن پاک بحریہ کے نام رہا۔ساتھ اور آٹھ ستمبر کی درمیانی شب پاک بحریہ نے انڈین نیول بیس دوار کا پر حملہ کیا، آپریشن سو مناتھ میں پاک بحریہ کے پی این ایس بابر، خیبر، بدر، جہانگیر، عالمگیر، شاہجہان اور ٹیپو سلطان نے حصہ لیا، صرف چار منٹ میں بھارتی نیول بیس آگ کا ڈھیر بنادیا گیا، 1سو20 میل دور بھارتی سرزمین پر حملے نے بھارتی بحریہ کو شل کر دیا۔پاک بحریہ کا دب دبا آج بھی دشمن نھیں بھلا پایا، پاک بحریہ کی کامیابیوں کی داستانیں یوں تو بہت طویل ہیں مگر65 کی جنگ میں سمندری حدود کی حفاظت اور بھارتی بحریہ کو اسکے اپنے ساحلوں تک محدود رکھنا دو اس قدر بڑے کام تھے

جس پر پورے ملکی دفاع کا دارو مدار تھا۔پاک بحریہ نے 1965کی جنگ کے آغاز پر ہی انڈین نیوی کو دوارکا کے مقام پر دبوچ لیا، جس پر دشمن کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا، یہ پاکستان کی قومی اور عسکری تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھے جانیوالا ایک عظیم واقعہ ہے۔آپریشن میں ایک جانب تو بھارت کا کراچی پر حملے کا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا تو دوسری جانب دوبھارتی افسر اور 13 سیلزر ہلاک ہوئے، رن وے کو بھی مکمل طور پر تباہ اور انفراسٹرکچر کو راکھ کا ڈھیر بنا دیا گیا تھا۔پاکستان نیوی نے مارچ2019 میں بھارتی آبدوز کے پاکستانی پانیوں میں داخل ہونے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے انتہائی مہارت کے ساتھ ٹارگٹ لاک کرلیا اور تنبیہ کرکے پاکستانی حدود سے نکلنے جانے پر مجبور کردیا، دشمن کیلئے خوف کی علامت پاک بحریہ آج بھی بحری خطوں میں اپنی ذمہ داریاں بخوبی انجام دے رہی ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں