کارساز حادثہ: ملزمہ ڈرائیور کے یورین کے نمونوں میں آئس کی موجودگی پائی گئی، ذرائع
کراچی کے علاقے کارساز روڈ پر گاڑی کی ٹکر سے باپ بیٹی کی موت کے کیس میں گرفتار گاڑی کی ڈرائیور ملزمہ کی میڈیکل رپورٹ پولیس کو موصول ہو گئی۔ذرائع کے مطابق ملزمہ ڈرائیور کے یورین کے نمونوں میں آئس کی موجودگی پائی گئی ہے جبکہ ملزمہ کے خون کے نمونے میں کوئی نشہ آور چیز نہیں پائی گئی۔ پولیس نے ملزمہ کی میڈیکل رپورٹ 2 سے 3 دن کیلئے سیل کردی ہے۔کارساز حادثے کی ملزمہ کی میڈیکل رپورٹ سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کراچی پولیس چیف جاوید عالم کا کہنا تھاکہ تفتیش جاری ہے،
زیادہ کھل کر بات نہیں کرنا چاہتا لیکن کچھ چیزیں سامنے آئی ہیں جو ظاہرکرتی ہیں ملزمہ کوگاڑی میں نہیں ہونا چاہیے تھا۔انھوں نے کہاکہ میڈیکل اتھارٹیز سے بات کرکے حتمی رائے قائم کرسکیں گے، اس حوالے سےطبی ماہرین کا مؤقف بھی حاصل کرینگے،خیال رہے کہ کارساز روڈ پر گاڑی کی ٹکر سے باپ بیٹی کے جاں بحق ہونے کا واقعہ 19 اگست کو پیش آیا تھا، گاڑی میں سوار ملزمہ نے موٹر سائیکل پر والد کے ساتھ سوار آمنہ عارف کو پیچھے سے زور سے ہٹ کیا جس کے نتیجے میں دونوں کی موت واقع ہو گئی۔اس واقعے میں 5 افراد زخمی تھے جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے۔