تعلیم کے شعبے پر عدم توجہی ترقی کے سفر میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے، احسن اقبال

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ ملک کو درست سمت میں لیجانے کیلئے تعلیم اور انسانی وسائل کی ترقی کا فروغ ضروری ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو ضلعی ایجوکیشن رپورٹ 2023 کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ مسلم لیگ (ن) کی جانب سے ماضی میں انسانی وسائل کی ترقی میں کی گئی اصلاحات سیاسی عدم استحکام کا شکار ہوئیں۔ انھوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہمیں دنیا میں مقابلہ کرنیکےلئے نوجوانوں کو نئے ہنر سکھانے ہونگے. وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ نوجوانوں کو ملک کی معاشی ترقی کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ ترقی کیلئے محض انفراسٹرکچر کافی نہیں،دنیا میں کوئی ترقی یافتہ ملک ایسا نہیں جس نے تعلیم کے شعبے کو نظر انداز کر کے ترقی کی ہو۔ تعلیم کے شعبے پر عدم توجہی ترقی کے سفر میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔جس طرح لیپ ٹاپ بنا سوفٹ ویئر بے معنی ہے اسی طرح تعلیم کے بغیر ہم پائیدار ترقی کا تصور نہیں کر سکتے۔ تعلیم اور انسانی وسائل میں ترقی پائیدار معاشی اور معاشرتی ڈھانچے کی بنیاد رکھتے ہیں۔ہم نے وژن 2010 اور 2025 میں تعلیم اور انسانی وسائل کی ترقی کو اولیت دی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ 1999 میں جنرل مشرف نے مارشل لگایا تو میں نے انہیں خط لکھا کہ وژن 2010 ہماری جماعت کی سیاسی دستاویز نہیں، ملک کی اقتصادی اور سماجی ترقی کے لئے وژن 2010 پر عملدرآمد جاری رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے 2017 میں ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ ضلعی سطح پر غربت کا تعین کرنے کیلئے رپورٹ جاری کی، آج اسی تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے ہم نے ضلعی سطح پر تعلیم کی صورتحال پر اہم ترین رپورٹ جاری کی ۔وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ میڈیا سیاسی جھگڑوں پر توجہ دینے کی بجائے تعلیم، صحت، سماجی سطح پر درپیش بنیادی مسائل کو کوریج دے، میڈیا پاکستان کو درپیش بنیادی مسائل کو موضوع بحث بنائیگا. تو ہر ہر حلقے اور ضلع کی سطح پر ترقی کا عمل شروع ہو گا۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں