پاکستان جرمنی کے ساتھ شراکت داری کو اپنے شاندار ماضی میں واپس لانے کا خواہاں ہے، وزیراعظم
وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے جرمنی کی وفاقی وزیر برائے اقتصادی تعاون و ترقی محترمہ سوینجا شولزے سے وزیرِ اعظم ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات ہوئی۔وزیراعظم نے وزیر شلزے کا پاکستان میں خیرمقدم کیا اور پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے جرمنی کے تعاون کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور جرمنی کے مابین باہمی طور پر مفید تجارتی اور اقتصادی تعلقات موجود ہیں.
انہوں نے پاکستان کی صنعتی ترقی میں جرمنی کے کردار کی تعریف کی۔ اس تناظر میں وزیراعظم نے پاکستان جرمنی شراکت داری کو فروغ دینے کی بھرپور خواہش کا اظہار کیا۔وزیراعظم نے پائیدار ترقی، موسمیاتی تبدیلی کے مضر اثرت میں کمی اور معاشی نمو کے لیے پاکستان کے عزم کو اجاگر کیا جبکہ ملک کی معاشی بحالی کے لیے اصلاحات سمیت اپنی حکومت کی ترجیحات کا بھی ذکر کیا۔وزیر شلزے نے وزیر اعظم کو چانسلر اولاف شولز کا تہنیتی پیغام پہنچایا اور پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات بالخصوص تجارت، سرمایہ کاری اور ترقیاتی تعاون کے شعبوں میں اشتراک مضبوط بنانے کے لیے جرمنی کے عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ جرمنی پاکستان کے قابل تجدید توانائی کے شعبے اور موسمیاتی تبدیلی سے بچاؤ کے اقدامات کے لیے اپنا تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے۔وزیرِ اعظم اور جرمنی کی وزیرِ اقتصادیات نے دوطرفہ اقتصادی تعاون کو مزید بڑھانے کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا جس میں تجارت، سرمایہ کاری، آئی ٹی اور ٹیکنالوجی کی منتقلی کے ساتھ ساتھ ہنر مند افرادی قوت کی برآمد میں اضافہ شامل ہے۔انہوں نے غزہ کی صورتحال اور یوکرین تنازع سمیت علاقائی اور عالمی مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا۔وزیر شلزے نے چانسلر اولاف شولز کی جانب سے وزیر اعظم کو اکتوبر میں ہیمبرگ پائیداری کانفرنس میں شرکت کی دعوت بھی دی۔ملاقات میں دونوں طرف کے سینئر حکام نے شرکت کی جن میں نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ، وزیر برائے منصوبہ بندی، وزیر برائے اقتصادی امور، وزیر تجارت اور وزیر مملکت برائے آئی ٹی شامل تھے۔