پاک فوج کے افسران وجوان اس ملک کی اشرافیہ نہیں، کیا تنقید کی وجہ سے کام چھوڑ دیں: ڈی جی آئی ایس پی آر
ترجمان پاک فوج جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد میں افواج پاکستان کشمیر کے بہادر عوام کیساتھ ہیں۔
آئی ایس پی آرکے ڈائریکٹر جنرل نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں غیرانسانی لاک ڈاؤن، مقبوضہ علاقے کے آبادیاتی ڈھانچے کو تبدیل کرنے کیلئے غیرقانونی بھارتی اقدامات اور انسانی حقوق کی پامالی، یہ سب بین الاقوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے اور خطے کی سلامتی کیلئے خطرہ ہے۔
انھوں نے کہا کہ خطے میں پائیدار امن و استحکام کیلئے مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرنا ناگزیر ہے۔ترجمان پاک فوج نے کہا کہ آج کے دن افواج پاکستان مقبوضہ کشمیر کے شھداء کو انکی عظیم قربانیوں پر خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ آج کے دن افواج پاکستان مقبوضہ کشمیر کے شہدا کو ان کی عظیم قربانیوں پر خراج تحسین پیش کرتی ہے، اس کے علاوہ ظلم اور غیرقانونی تسلط کے خلاف کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد میں ان کی سیاسی، اخلاقی اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر حکومت پاکستان ان کے مؤقف کی مکمل حمایت کا اعادہ کرتی ہے۔انکا کہنا تھا کہ سال 2024ء کے دوران سیکیورٹی فورسز کی جانب سے اب تک انسداد دہشتگردی کے حوالے سے 23 ہزار 622 چھوٹے بڑے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے جن میں صرف گزشتہ پندرہ دن میں دو ہزار 45 آپریشنز کیے گئے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ان پندرہ دنوں میں 24 دہشتگردوں کو واصل جہنم کیا گیا،
دہشتگردی کے ناسور سے نمٹنے کیلئے فوج، انٹیلیجنس ایجنسیاں، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر ادارے روزانہ کی بنیاد پر سو سے زیادہ آپریشنز کررہے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ حکومت پاکستان نے حال ہی میں ایک اہم فیصلے اور نوٹیفیکیشن کے ذریعے کالعدم ٹی ٹی پی کو ’فتنہ الخوارج‘ کے نام سے نوٹیفائی کیا، آئندہ سے اس کو اسی نام سے پکارا جائے گا اور اس سے جڑا ہر دہشتگرد خارجی پکارا جائیگا.لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ اس کی وجہ یہ ہے کہ یہ ایک فتنہ ہے، یہ نہ تو کوئی تحریک ہے اور نہ ہی اس کا دین اسلام اور پاکستان سے کوئی تعلق ہے۔انھوں نے کہا کہ 28 اور 29 جولائی کو ضلع مہمند میں ایک اہم انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران فتنہ الخوارج ک خارجی قاری عرف ناری کو جہنم واصل کیا گیا۔ اسی طرح ڈی آئی خان میں اہم خارجی دہشتگرد صفت عرف منصور کو جہنم واصل کیا گیا۔ خارجی صفت 12 دسمبر 2023ء کو درابن میں خودکش بم دھماکے میں سہولتکاری اور علاقے میں متعدد دہشتگردی کی کارروائیوں میں ملوث تھا۔