وزیراعظم کی این ڈی ایم اے کو ہنگامی حالات سے نمٹنے کیلئے فوری اقدامات کرنے کی ہدایات

وزیراعظم شہباز شریف نے این ڈی ایم اے کو ہنگامی حالات سے نمٹنے کیلئے فوری اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کردیں،موسمی صورتحال کی مسلسل مانیٹرنگ کی جائے اور ادارے اشتراک عمل سے اقدامات کو یقینی بنائیں۔ این ڈی ایم اے کو چاروں صوبائی حکومتوں، آزاد کشمیراور گلگت بلتستان کی معاونت کی بھی ہدایت کی ہے۔نشیبی علاقوں سے لوگوں کے بروقت انخلا اور پانی کی نکاسی یقینی بنائی جائے۔وزیراعظم شہباز شریف کا اپنے پیغام میں مزید کہنا تھا کہ اسلام آباد کی انتظامیہ نکاسی آب اور شہریوں کی سہولت کیلئے اقدامات کرے۔واٹرپمپس اور دیگر مشینری کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔انہوں نے کہا کہ غیرمعمولی بارشوں کی صورتحال میں عوام کے جان ومال کی حفاظت کے اقدامات یقینی بنانا حکومت کی ذمہ داری ہے ۔بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں طبی عملے، ادویات، بروقت علاج اور ویکسین کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔دریں اثناءاین ڈی ایم اے نے آئندہ 3 دنوں میں ملک کے مختلف شہروں میں 200 ملی میٹر تک بارش کا امکان ظاہر کیا ہے اور اس حوالے سے متعلقہ اداروں کو الرٹ جاری کر دیا جبکہ راولپنڈی اور اسلام آباد میں بارش سے نالہ لئی میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہوگئی۔نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق آئندہ 3 دنوں میں کشمیر، مالاکنڈ، ہزارہ اور گوجرانوالہ ڈویژن میں 200 ملی میٹر تک بارش متوقع ہے جب کہ پوٹھوہار، مردان اورلاہور ڈویژن میں بھی موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ این ڈی ایم اے کامزید کہنا ہے کہ آئندہ 3 دنوں میں پنجاب میں فیصل آباد، ساہیوال، بہاولپور، ملتان، راجن پور جب کہ سندھ میں کراچی، میرپورخاص، سکھر، حیدر آباد، عمر کوٹ، بدین، ٹھٹہ، تھرپارکر میں بارش متوقع ہے۔
بارشوں کے پیش نظر این ڈی ایم اے نے صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز اور دیگر متعلقہ اداروں کو الرٹ جاری کردیا ہے۔این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو خطرے سے دوچار علاقوں میں عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے بروقت ضروری اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ خطرے سے دوچار علاقوں کے رہائشی سیلابی پانی کو پار کرنے سے گریز کریں اور محفوظ مقامات کی پہلے ہی نشاندہی کر لیں۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں