جسٹس ریٹائرڈ مظہر عالم میاں خیل اور جسٹس ریٹائرڈ سردار طارق مسعود کل بطور ایڈہاک جج سپریم کورٹ حلف اٹھائینگے۔پاکستان کے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ دونوں ایڈہاک ججز جسٹس ریٹائرڈ سردار طارق مسعود اور جسٹس ریٹائرڈ مظہر عالم میاں خیل سے حلف لینگے، حلف برداری کی تقریب سپریم کورٹ بلڈنگ کے ججز بلاک کمیٹی روم میں دن گیارہ بجے ہوگی۔
پچھلے روز وزارت قانون و انصاف نے سپریم کورٹ آف پاکستان میں 2 ایڈہاک ججز کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا، جس میں کہا گیا تھا کہ ایڈہاک ججز کو ایک سال کی مدت کے لیے تعینات کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ پچھلے روز صدر آصف زرداری نے 2 نوں سابق ججز جسٹس مظہر عالم اور سردار طارق مسعود کو 1 سال کیلئے ایڈہاک جج کے طور پر تعینات کرنے کی منظوری دی تھی۔اس سے قبل سپریم جوڈیشل کونسل نے جسٹس مظہر عالم خان اور جسٹس سردار طارق مسعود میاں خیل کی ایڈہاک جج کے طور پر تعیناتی کی منظوری دی تھی۔چیف جسٹس نے ایڈہاک ججز کی تقرری کیلئے چار ریٹائرڈ ججز کے نام تجویز کئے تھے جن میں ، جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر،جسٹس ریٹائرڈ مشیر عالم ، جسٹس ریٹائرڈ مظہر عالم میاں خیل اور جسٹس ریٹائرڈ طارق مسعود کے نام شامل تھے۔تاہم جسٹس ریٹائرڈ مشیر عالم اور جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر نے ایڈہاک جج بننے سے معذرت کر لی تھی۔جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر نے ذاتی مصروفیات کے سبب ذمے داری لینے سے انکار کردیا تھا جب کہ جسٹس ریٹائرڈ مشیر عالم نے سوشل میڈیا پر ایڈہاک ججز کے خلاف جاری مہم مہم کے پیش نظر اس پیشکش سے معذرت کر لی تھی۔