عالمی برادری فلسطین کے انسانی المیہ سے متعلق اپنی ذمہ داری پوری کرے،شہباز شریف

عالمی برادری فلسطین کے انسانی المیہ سے متعلق اپنی ذمہ داری پوری کرے،شہباز شریف

وزیراعظم نے فلسطین کے علاقے خان یونس میں جاری اسرائیلی فورسز کی پرتشدد کارروائیوں کی شدید مذمت اور گہری تشویش کا اظھار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی برادری اسرائیل کے جنگی جرائم کا محاسبہ کرتے ھوئے اسے انصاف کے کٹہرے میں لائے۔ فلسطین میں انسانی المیہ جنم لے چکا ہے۔ اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔سنیچر کے روز وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق شہباز شریف نے کہا کہ خان یونس میں اسرائیل کی بربریت کے باعث 1لاکھ 50 ہزار سے زائد فلسطینی بے گھر ہوئے ہیں، خان یونس کے محاصرے سے علاقے میں اشیائے خور ونوش اور دیگر ضروریات زندگی کی فراہمی معطل ہو کر رہ گئی ہیں،

شہباز شریف نے کہا کہ ہم یہ مطالبہ دہراتے ہیں کہ عالمی عدالت انصاف کے فلسطین کی صورتحال کے حوالے سے حالیہ فیصلے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کرایا جائے۔شہباز شریف نے کہا کہ اسرائیلی فوج فلسطینیوں کی نسل کشی کے سنگین جرم کا ارتکاب کر رہی ہیں، پاکستان نے عالمی عدالت انصاف میں اپنے بیان میں فلسطینیوں کے حق خود ارادیت اور اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں پر ڈھائے جانے والے مظالم پر بھرپور آواز اٹھائی۔انھوں نے کہا کہ اب تک پاکستان سے پاکستان ائیر فورس کے چھ جہازوں کے ذریعے 12 سو ٹن اور 3بحری جہازوں کے ذریعے 15 سو ٹن امدادی سامان فلسطین بھجوایا جا چکا ہے، پاکستان کے میڈیکل کالجز میں فلسطین کے میڈیکل کے طلباء کیلئے خصوصی انتظام کی ہدایت کی ہے تاکہ وہ اپنی تعلیم کا سلسلہ جاری رکھ سکیں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستانی حکومت اور عوام اپنے فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑی ہیں ، عالمی برادری اسرائیل کے جنگی جرائم کا محاسبہ کرتے ہوئے اسے انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کرے،۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں