صوبے میں یوتھ کی فلاح وبہبود کے حوالے سے انکی جانب سے ہر ممکن تعاون فراہم کی جائیگی،فخرجہان

وزیر اعلی خیبر پختون کے مشیر برائے کھیل اور امور نوجوانان سید فخر جہان نے کہا ہے کہ صوبے میں نوجوان طبقے کو محض تفریحی سہولیات فراہم کرنے بجائےاصل یوتھ ڈویلپمنٹ کے ایک جامع پروگرام پر کام کررہے ہیں تاکہ نئی نسل کو مستقبل میں پیش آنے والی چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار کیا جا سکے۔نوجوانوں کو معاشی لحاظ سے اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کیلئے احساس نوجوان روزگار سکیم کا میگا منصوبہ شروع کررہے ہیں جس کے تحت 10 لاکھ سے لیکر 1 کروڑ تک کا مفت قرضہ فراہم کیا جائے گا اور کلسٹرز کی شکل میں کسی بھی کاروبار شروع کرنے کیلئے صوبے میں نوجوان طبقے کو یہ قرضہ دیا جائے گا۔انھوں نے کہا کہ نوجوانوں کی سکلڈ ڈویلپمنٹ کا منصوبہ بھی زیر غور ہے جسکے تحت ہمارے نوجوانوں کو بیرون ملک روزگار ملے گا۔اسی طرح زراعت میں بھی نوجوانوں کو گرانٹس فراہم کرنے کا پروگرام زیر غور ہے جبکہ صوبے کے 1000 نوجوانوں کو کوانٹم کمپیوٹر میں تربیت دے رہے ہیں جس کا مقصد ہماری نئی نسل کو جدید ٹیکنالوجی سے آرستہ کرنا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے منگل کے روز اپنے دفتر میں یوتھ پارلیمنٹری ممبرز آف آل پاکستان کی ایک نمائندہ وفد سے اظہار خیال کرتے ہوئے کیا جنھوں نے یوتھ پارلیمنٹ کے صدر محمد ابوبکر کی سربراہی میں مشیر وزیر اعلی سے ملاقات کی۔ملاقات میں وفد نے مشیر وزیراعلی سے اپنی تنظیم کے اغراض ومقاصد اور نوجوان طبقے میں پارلیمانی شعور و آگہی پیدا کرنے کیلئے کی جانے والی رضاکارانہ سرگرمیوں کے حوالے آگاہ کیا جبکہ صوبے میں نوجوانوں کی فلاح وبہبود کیلئے مشیر کی کوششوں اور جذبے کو سراہا۔اس موقع پر مشیر کھیل نے نوجوانوں میں جمھوری اقدار اور تربیت کی فراہمی میں یوتھ پارلیمنٹ کے بطوررضا کار کردار کو مفید قرار دیا اور کہا کہ صوبے میں یوتھ کی فلاح وبہبود کے حوالے سے انکی جانب سے ہر ممکن تعاون فراہم کی جائے گی۔
انھوں نے کہا کہ نوجوانوں کی ترقی کیلئے یوتھ عہدیداروں کی جانب سے کسی بھی آئیڈیا پیش کرنے پر انکا خیر مقدم کیا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ ہم مثبت اور مفید سرگرمیوں میں نوجوانوں کو ملوث کررہے ہیں تاکہ معاشرے کی بھلائی کیلئے وہ اپنے رضاکارانہ خدمات فراہم کریں۔انھوں نے کہا کہ ہمیں اپنے نوجوانوں کو ٹیکنالوجی میں سامنے لانا ہے تاکہ ترقی یافتہ دنیا میں مسابقت کیلئے اپنا مقام پانے کیلئے اپنے نوجوانوں کو تیار کریں۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں