آئی پی پیز کی سہولت کاری کرنے والے غدار ہیں، ثمینہ فاضل
اسلام آباد (ویب ڈیسک)اسلام آباد ویمن چیمبر کی بانی صدر ثمینہ فاضل نے کہا ہے کہ بجلی کے ہوشرباء بلوں کی وجہ سے عوام میں بے چینی اور اشتعال بڑھ رہا ہے جو کسی بھی وقت آتش فشان کی طرح پھٹ سکتا ہے۔حکومت ہوش کے ناخن لیتے ہوئے اس مسئلے کو حل کرے کیونکہ آئی پی پیز ملکی سلامتی کے لئے خطرہ بن گئی ہیں۔آئی پی پیز کی موجودگی میں نہ تو معیشت چل سکتی ہے اور نہ عوام کو چولھا جل سکتا ہے۔ ثمینہ فاضل نے تاجر خواتین کی ایک ہنگامی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جن سیاستدانوں نے ملکی معیشت کو آئی پی پیز کے گھاٹ اتارا اب وہی مگر مچھ کے آنسو رو رہے ہیں مگر عوام انھیں پہچان چکے ہیں۔ وہ چالیس خاندانوں کو نوازنے کے لئے چوبیس کروڑ عوام سے زندگی کا حق چھین رہے ہیں۔ثمینہ فاضل نے کہا کہ نئی آئی پی پیز لگانے کا سلسل فوری ختم کیا جائے کیونکہ پاکستان میں طلب کے مقابلہ میں بہت زیادہ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت ہے۔ لوڈ شیڈنگ کے اسباب میں بجلی کی کمی نہیں بلکہ سیاست اور آئی پی پیز کو نوازنا شامل ہیں۔انھوں نے کہا کہ آئی پی پیز سے معاہدوں کو یا تو متوازن کیا جائے یا منسوخ کر دیا جائے جبکہ حکومت اپنی آئی پی پیز سے مناسب قیمت پر بجلی خریدے۔
دوست ملک چین کی آئی پی پیز سے بھی مناسب دام پر بجلی خریدی جائے اور لوٹ مار کے اس سلسلے کو بند کیا جائے کیونکہ آئی پی پی مالکان کو کھربوں روپے کی ادائیگی ہو چکی ہے اور انھوں نے اپنے شہولت کاروں کو بھی خوب نوازی ہے۔ ثمینہ فاضل نے کہا کہ بجلی کے بلوں کی وجہ سے گھروں میں لرائی جھگڑے معمول بن گئے ہیں جبکہ کاروبار کرنے والی اور گھریلو خواتین اسکی بھاری قیمت ادا کر رہی ہیں۔ معتدد آئی پی پیزکوساڑھے تین سوروپے فی یونٹ سے ساڑھے سات سوروپے فی یونٹ ادائیگی کیوں کی جا رہی ہےاور مختلف آئی پی سے ایک یونٹ بجلی خریدے بغیرکھربوں روپے کی ادائیگی کیوں کی جا رہی ہے۔ اگرآئی پی پیزسے معاہدے شفاف تو انھیں پوشیدہ کیوں رکھا جا رہا ہے۔
آئی پی پیزکوبھاری ادائیگیوں کی وجہ سے حکومت کے پاس سماجی شعبوں میں سرمایہ کاری کے لئے کچھ نہیں بچتا ہے جس سے معاشرہ تباہ ہو رہا ہے۔ عوام کو دس روپے والی بجلی ساٹھ روپے کی دی جا رہی ہے اور اگرعوام نے متحد ہوکراپنا یہ مسئلہ حل نہ کیا تو ملک سے پہلے وہ دیوالیہ ہو جائیں گے۔ اس موقع پر اسلام آباد ویمن چیمبر کی صدر رضوانہ آصف، اول نائب صدر سونیہ سلیم اور سابق صدر مسز ممتاز نے کہا کہ چالیس خاندانوں کی خاطر چوبیس کروڑ عوام کے استحصال کی اجازت نہیں دینگے۔ انھوں نے کہا کہ ملک بھر کی تاجر خواتین سابق وفاقی وزیر گوہر اعجاز اور یونائیٹڈ بزنس گروپ کے سرپرست عالی ایس ایم تنویر کی جانب سے آئی پی پیز کی کرپشن بے نقاب کرنے پر انھیں زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور انھیں پر ممکن تعاون کا یقین دلاتے ہیں۔