واقعہ کربلا ہمیں ظلم کے خلاف ڈٹ جانے کا درس دیتا ہے ، اسپیکر سردار ایاز صادق
اسلام آباد (م ڈ) سپیکر قومی اسمبلی نے یوم عاشور کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ واقعہ کربلا اللہ تعالی اور آخرت پر غیر متزلزل ایمان، بے مثال تقویٰ، بہادری، صبر اور قرآن مجید میں بیان شہادت کے جذبے کا ایک بہترین نمونہ ہے جسے قیامت تک یاد رکھا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم عاشورہ کے موقع پر کیا
جو دس محرم الحرام کو نواسہ رسول حضرت امام حسین اور شہداء کربلا کی لازوال قربانیوں کی یاد میں نہایت عقیدت و احترام سے دنیا بھر میں منایا جاتا ہے۔سردار ایاز صادقنے کہا کہ واقعہ کربلا ہمیں برداشت، صبر، ایثار اور باطل قوتوں کےخلاف کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کرنے کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے مسلم آمہ کو اپنی صفوں میں اتحاد اور یگانگت کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا مسلم آمہ کو درپیش مسائل کا حل اتحاد اور اتفاق، بھائی چارے میں مضمر ہے۔ انہوں نے کشمیر اور فلسطین میں جاری اسرائیلی اور بھارتی جارحیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر اور فلسطین میں نہتے اور معصوم شہریوں کو بدترین ریاستی دہشت گردی کا سامنا ہے اور ان پر مظالم کے پہاڑ توڑے جارہے ہیں۔
سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ فلسطین میں گزشتہ 9 ماہ سے زیادہ عرصے سے اسرائیل کی جانب سے ریاستی دہشت گردی کا بازار گرم ہے جس کے نتیجے میں 40 ہزار سے زائد نہتے فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جن میں معصوم بچوں، خواتین اور بزرگ شہریوں کی بڑی تعداد تعداد شامل ہے، انہوں نے مسلم ممالک کو متحد ہو کر کشمیری اور فلسطینی عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے خلاف آواز بلند کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔