بورڈ آف انوسٹمنٹ کی جانب سے واہ نوبل گروپ کو ہر ممکن تعاون فراہم کی جائیگی، عبدالکریم تورڈھیر
وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے صنعت وحرفت اور فنی تعلیم عبدالکریم تورڈھیر سے خیبر پختونخوا بورڈ آف انوسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ آفس پشاور میں “واہ نوبل گروپ” کے نمائندوں نے ملاقات کی اور انکے ساتھ صوبے میں کئی امکانی سرمایہ کاری شعبوں میں باہمی تعاون کی خواہش کا اظہار کیا۔ اس موقع پر بورڈ آف انوسٹمنٹ اور دیگر متعلقہ اداروں کے حکام بھی موجود تھے۔ملاقات کے دوران گروپ کی جانب سے بریگیڈیر (ریٹائرڈ) شیراز اللہ چوہدری نے انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ،ہائڈرو پاور پراجیکٹس اور معدنی شعبے میں اپنی تعاون بڑھانے کی پیشکش کی۔
انھوں نے اس حوالے سے متعلقہ اداروں کو ڈرلنگ سروسز،مائننگ اور دیگر امور میں اپنی خدمات کی فراہمی کے امکانات سے معاون خصوصی کو آگاہ کیا۔ملاقات میں معاون خصوصی نے واہ نوبل گروپ کو اپنی جانب سے باہمی شراکت داری اور کوششوں کے سلسلے میں مکمل تعاون کا یقین دلایا۔انھوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے کئی شعبے سرمایہ کاری کیلئےانتہائی پر کشش ہیں اور ہم یہاں پر سرمایہ کاری کیلئے خواہشمند سرمایہ کاروں کو خوش آمدید کہتے ہیں انھوں نے کہا کہ یہاں پر سرمایہ کار دوست ماحول کی فراہمی کیلئے کوششیں کی جارہی ہیں تاکہ یہاں پر انوسٹرز بلا کسی روکاوٹ اپنی کاروبار اور سرمایہ کاری کرسکیں۔انھوں نے کہا کہ بورڈ آف انوسٹمنٹ کی جانب سے واہ نوبل گروپ کو ہر ممکن تعاون فراہم کی جائے گی۔