ٹرمپ پر حملہ، صدر اور وزیراعظم سمیت عالمی رہنماؤں کی مذمت
صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیر اعظم شہباز شریف سمیت کئی عالمی رہنماؤں نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر قاتلانہ حملے کی مذمت کی ہے۔ زرداری نے کہا کہ سابق امریکی صدرٹرمپ پر حملے کا سن کر گہرا صدمہ پہنچا، سیاست میں تشدد کی کوئی جگہ نہیں، انھوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کی جلد صحتیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا جبکہ حملے میں انسانی جان کے ضیاع پر اظہارِ افسوس بھی کیا۔دریں اثناء شہباز شریف نے بھی ڈونلڈٹرمپ پر حملے کی مذمت اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی عمل میںہرقسم کا تشدد قابل مذمت ہے،
اس مشکل وقت میں ہماری ہمدردیاں اور نیک خواہشات ڈونلڈ ٹرمپ کے خاندان کیساتھ ہیں۔انڈین وزیر اعظم نریندر مودی نے ڈونلڈ ٹرمپ پر ہونیوالے حملی کہ مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وہ قاتلانہ حملے پر ‘شدید فکر مند’ ہیں اور ٹرمپ کی جلد صحتیابی کی خواہش کرتے ہیں۔جاپان کے وزیراعظم فومیو کیشیدا اور اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے بھی ڈونلڈ ٹرمپ پر ہونیوالے قاتلانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے انکی حفاظت اور صحت یابی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔برطانوی وزیراعظم سر کئیراسٹارمر، اور یورپی یونین کے خارجہ پالیسی کے سربراہ جوزف بوریل نے بھی سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر حملے کی مذمت کی ہے۔بانی تحریک انصاف عمران خان نے کہا ’میں انتخابی ریلی میں ٹرمپ پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کرتا ہوں۔
سیاسی تشدد بزدلوں کا آلہ کار ہے اور جمہوریت میں اسکی کوئی جگہ نہیں ہے، ڈونلڈ ٹرمپ کی مکمل صحت یابی کی خواہش کرتے ہیں۔ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پنسلوینیا کے علاقے بٹلر میں منعقد ریلی کے شرکا سے خطاب کیلئے اسٹیج پر موجود تھے کہ حملہ آور نے ان پر فائرنگ کردی، گولی بظاہر ٹرمپ کے کان کو چھوتی ہوئی نکل گئی جس سے وہ زخمی ہوگئے تاہم انکی جان محفوظ رہی جب کہ حملہ آور مارا گیا، واقعہ میں دو اور شخص بھی ہلاک ہوئے۔