بارشیں ہی بارشیں،محکمہ موسمیات نےخوشخبری سنا دی
ملک کے مختلف حصوں میں ہونے والی حالیہ بارشوں سے جہاں گرمی کی شدت میں کمی آئی ہے وہیں پی ڈی ایم اے بھی نشیبی علاقوں میں جمع پانی کی نکاسی کے لیے الرٹ ہے۔ کراچی میں مطلع ابر آلود ہے، جب کہ سمندری ہواؤں کے باعث شہر کا درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، کراچی میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق جنوب مغربی سمت سے 22 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں،
ہوا میں نمی کا تناسب 70 فیصد ہے۔ ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق شہر قائد کی ہوا کا معیار بہتر ہے۔دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی گیارہویں نمبر پر ہے، پاکستان کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی پانچویں نمبر پر آگیا ہے جب کہ ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار 96 پارٹیکولیٹ میٹر ریکارڈ کی جارہی ہے۔ دوسری جانب تھرپارکر کی تحصیل ننگرپارکر کے مختلف علاقوں میں رات گئے شروع ہونے والی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی نوید سنائی ہے۔ ننگرپارکر کے علاقوں میں اب تک 15 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ بعد ازاں موسم خوشگوار ہو گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق تھرپارکر کی تحصیل ننگرپارکر میں بارش کا سسٹم ہے، تھرپارکر کے مختلف علاقوں میں مطلع ابر آلود ہے۔