کوہ سلیمان رینج میں بارش اور لینڈ سلائیڈنگ، کئی گاڑیاں پھنس گئیں، اموات کی تعداد 6 ہوگئی
مشرقی بلوچستان کے کوہ سلیمان رینج میں شدید بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں متعدد شاہراہیں ٹریفک کے لیے بند ہیں اور بڑی تعداد میں گاڑیاں پھنس گئیں جب کہ بلوچستان میں 5 روز سے جاری بارشوں کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 6 ہوگئی ہے۔مشرقی بلوچستان کے کوہ سلیمان رینج میں شدید بارش کے باعث کوئٹہ، چمن، ژوب مغل کوٹ سیکشن میں کوہ سلیمان کے دانہ سر رینج میں لینڈ سلائیڈنگ ہوئی ہے۔کوئٹہ ڈیرہ اسماعیل خان شاہراہ دناسر کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ٹریفک کے لیے بند ہے،
بلوچستان کو خیبرپختونخوا سے ملانے والی شاہراہ این 70 بھی ٹریفک کے لیے بند ہے جب کہ بڑی تعداد میں گاڑیاں پھنسی ہوئی ہیں۔پی ڈی ایم اے حکام کے مطابق پھنسے مسافروں کو ریسکیو اور ریلیف دینے کے لیے ٹیمیں روانہ کر دی گئی ہیں، لینڈ سلائیڈنگ کا ملبہ ہٹانے کا کام جاری ہے۔ضلع آواران کے مختلف علاقوں میں بھی موسلادھار بارش ہوئی ہے،
دریائے سید میں طغیانی کے باعث آواران کا جھاؤ سے رابطہ منقطع ہوگیا ہے، دریائے واہلی میں طغیانی کے باعث آواران تربت روڈ بھی ٹریفک کے لیے بند ہے۔بلوچستان میں 5 روز سے جاری بارشوں کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 6 ہو گئی ہے جب کہ 25 افراد زخمی ہیں۔دوسری جانب لاہور کے مختلف علاقوں میں گزشتہ روز ہونے والی بارش کے بعد گرمی کی شدت میں کمی آئی، موسم خوشگوار ہونے سے شہریوں کے چہرے بھی چمک اٹھے، شہر میں تیز ہوائیں بھی چل رہی ہیں۔