نو مئی کے مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کرنا لازم ہے، فارمیشن کمانڈرز کانفرنس

نو مئی کے مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کرنا لازم ہے، فارمیشن کمانڈرز کانفرنس

آرمی چیف کی زیر صدارت ہونے والی کور کمانڈرز کانفرنس میں ایک بار پھر نو مئی کے ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا گیا کہ نو مئی کے مجرموں کیخلاف فوری، شفاف عدالتی اور قانونی کارروائی کے بغیر ملک سازشی عناصر کے ہاتھوں یرغمال رہیگا. آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کی زیر صدارت 83 ویں فارمیشن کمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں کور کمانڈرز، پرنسپل اسٹاف آفیسرز اور پاک فوج کے تمام فارمیشن کمانڈرز نے شرکت کی۔

فورم نے شہداء کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی اور ملک کی حفاظت، سلامتی اور خود مختاری کے لئے مسلح افواج کے افسران و جوانوں، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پاکستانی شہریوں سمیت شہداء کی عظیم قربانیوں کو زبردست خرا ج عقیدت پیش کیا۔آئی ایس پی آر کی جانب سے بتایا گیا کہ فورم کو جیو اسٹریٹجک حالات، قومی سلامتی کیلئے ابھرتے چیلنجز سے آگاہ کیا گیا اور ملٹی ڈومین خطرات سے نمٹنے کیلئے پاک فوج کی حکمت عملی کے بارے میں بھی بتایا گیا۔فارمیشن کمانڈر کانفرنس کے اعلامیے کے مطابق پاکستانی قوم جھوٹ اور پروپیگنڈا کرنے والوں کے مذموم اور مکروہ عزائم سے پوری طرح باخبر ہے،

پراپیگنڈے کا مقصد قومی اداروں بالخصوص افواج پاکستان اور عوام کے درمیان خلیج ڈالنا ہے، مقصد جھوٹ اور پروپیگنڈا سے پاکستانی قوم میں مایوسی پیدا کرنا ہے لیکن ان ناپاک قوتوں کے مذموم ارادوں کو مکمل اور یقینی شکست دی جائیگی.پراپیگنڈہ کرنے والوں کی پشت پناہی غیر ملکی اسپانسرڈ پراکسیوں کے ذریعےکی جاتی ہے، اس پشت پناہی کا مقصد ہےکہ بلوچستان کے نوجوانوں کو امن وترقی سے دور رکھا جا سکے۔فورم نے ایک بار پھر اعادہ کیا کہ نو مئی کے منصوبہ سازوں، مجرموں اور سہولت کاروں کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کی جائے. نو مئی کے مجرمان کیخلاف فوری، شفاف عدالتی اور قانونی کارروائی کے بغیر ملک سازشی عناصر کے ہاتھوں یرغمال رہیگا،آرمی چیف نے مختلف مشقوں کے دوران فارمیشنز کی اعلیٰ و معیاری تربیت کے ساتھ انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں میں افسران اور جوانوں کی شاندار کارکردگی کو سراہا اور فارمیشنز کے بلند حوصلے اور ہمہ وقت آپریشنل تیاریوں کو بھی سراہا۔فورم نے ملکی سلامتی اور استحکام کو درپیش خطرات کو قوم کی مکمل حمایت سے ناکام بنانے کا اعادہ کیا اور یوم تکبیر پرپاکستان کو حاصل اہم سنگ میل اور خطے پر اس کے مستحکم اثرات کو سراہا۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں