اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے لاہور سے منتخب ہونے والے ایم این اے علی پرویز ملک کو وزیر مملکت برائے خزانہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے کابینہ میں توسیع کا فیصلہ کرتے ہوئے حکومت کی اقتصادی ٹیم میں اضافے کی منظوری دے دی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور سے منتخب ہونے والے ایم این اے علی پرویز ملک کو وزیر مملکت برائے خزانہ بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔علی پرویز ملک کو وزیر مملکت بنانے کی سمری صدر مملکت کو ارسال کر دی گئی ہے۔ صدر آصف زرداری کل منتخب ایم این اے سے حلف لیں گے۔یاد رہے کہ شیزا فاطمہ خواجہ کو گزشتہ ماہ وزیر مملکت برائے آئی ٹی اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن تعینات کیا گیا تھا۔قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف کی 19 رکنی وفاقی کابینہ نے گزشتہ روز حلف اٹھایا، وفاقی کابینہ میں 5 وزراء کو غیر منتخب افراد کے طور پر تعینات کیا گیا ہے۔