حج 2024 فلائٹ آپریشن 9 مئی سے 9 جون تک ہونگے،ترجمان مذہبی امور
ترجمان مذہبی امور نے اعلان کیا ہے کہ حج 2024 کے لیے فلائٹ آپریشن 9 مئی سے 9 جون تک ہوں گے، پہلے 15 دنوں کے دوران تمام پروازیں براہ راست مدینہ ایئرپورٹ پر اتریں گی۔ 24 مئی سے 9 جون تک زیادہ تر پروازیں جدہ ایئرپورٹ پر اتریں گی۔ فلائٹ آپریشن کے پہلے روز 2160 عازمین 11 پروازوں کے ذریعے سعودی عرب روانہ ہوں گے۔
اسلام آباد سے 3 پروازوں کے ذریعے 680، کراچی سے 2 پروازوں کے ذریعے 330، لاہور سے 3 پروازوں کے ذریعے 670 اور ملتان سے 2 پروازوں کے ذریعے 329 عازمین حج روانہ ہوں گے۔ اس کے علاوہ سیالکوٹ سے 1 پرواز کے ذریعے 151 عازمین مدینہ منورہ پہنچیں گے۔ کوئٹہ سے پہلی حج پرواز 11 مئی کو روانہ ہوگی اور سکھر سے پہلی حج پرواز 27 مئی کو روانہ ہوگی۔259 حج پروازوں کے ذریعے 68 ہزار سے زائد سرکاری عازمین سعودی عرب پہنچیں گے۔ ترجمان مذہبی امور نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ حج فلائٹ آپریشن 9 جون کو ختم ہو جائے گا اور حجاج کرام کی وطن واپسی کی پہلی پرواز 20 جون کو ہو گی۔