وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ کاکورنگی فشریزہاربراتھارٹی کا دورہ

وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ کاکورنگی فشریزہاربراتھارٹی کا دورہ

کراچی(ویب ڈیسک)وفاقی وزیر برائے بحری امور قیصر احمد شیخ نے کورنگی فشریز ہاربر اتھارٹی کو ریونیو بڑھانے اور اسے ایک قابل عمل اتھارٹی بنانے کے لیے اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وفاقی وزیر نے یہ ہدایت کورنگی فشریز ہاربر اتھارٹی (کے ایف ایچ اے)کے دورے کے دوران جاری کی۔ اس موقع پر سیکرٹری میری ٹائم افیئرز ارم انجم خان اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ وفاقی وزیر کا کے ایف ایچ اے پہنچنے پر مینجنگ ڈائریکٹر کورنگی فشریز ہاربر اتھارٹی ریئر ایڈمرل شاہد احمد نے پرتپاک استقبال کیا۔ ایم ڈی کورنگی فشریز ہاربر اتھارٹی ریئر ایڈمرل شاہد احمد نےوفاقی وزیر کو اتھارٹی کے جاری، مجوزہ اور مستقبل کے منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی۔ریئر ایڈمرل شاہد احمد نےوفاقی وزیر کو بتایا کہ کورنگی فشریز ہاربر اتھارٹی بورڈ کے قیام کی تجویز پہلے ہی وزیراعظم کو ارسال کر دی گئی ہے تاکہ اتھارٹی کو مزید فعال بنایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ جیٹی کی توسیع کے لیے فلوٹنگ پیئرز درآمد کیے جائیں گے جس سے اتھارٹی کی آمدنی میں اضافہ ہوگا۔وفاقی وزیرقیصراحمد شیخ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ چھوٹی کشتیوں کو جیٹی تک آسانی سے پہنچانے کے لیے فلوٹنگ پیئر کی ضرورت ہے جبکہ نیلامی ہال بین الاقوامی معیار کے مطابق بنایا جائے گا۔وفاقی وزیر کو بتایا گیا کہ کے ایف ایچ اے نے سی فوڈ فیکٹریزکے قیام کے لیے اپنی 24 ایکڑ اراضی 30 سال کے لیے لیز پر دینے کا بھی منصوبہ بنایا ہے جس سے اتھارٹی کی آمدن میں اضافہ ہوگا۔ ریئر ایڈمرل شاہد احمد نے بتایا کہ اتھارٹی کو مزید محفوظ بنانے کے لیے بائونڈری وال بھی تعمیر کی جائے گی جبکہ اس مقصد کے لیے رینجرز/پولیس پکٹ کے قیام کے لیے صوبائی حکومت سے رابطہ کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ قوانین کے مطابق ماہی گیر سمندر میں 12 ناٹیکل میل تک جا سکتے ہیں اور اب ایک لائسنس جاری کیا جائے گا جس کے تحت ماہی گیروں کو 200 ناٹیکل میل تک سمندر میں جانے کی اجازت ہوگی اور اس کے لیے ماہی گیروں سے بات چیت کی جائے گی۔وفاقی وزیر نے یقین دلایا کہ حکومت جلد کورنگی فشریز ہاربر اتھارٹی کیلئے بورڈ تشکیل دے گی۔ انہوں نے اتھارٹی انتظامیہ سے کہا کہ وہ مزید ریونیو پیدا کرنے اور اتھارٹی کو قابل عمل بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات کریں۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں