ایس سی او اجلاس: وزیر خزانہ کا ڈیجیٹل معیشت اور ترقیاتی بینک پر زور

ایس سی او اجلاس: وزیر خزانہ کا ڈیجیٹل معیشت اور ترقیاتی بینک پر زور

وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے رکن ممالک کے وزرائے خزانہ اور مرکزی بینکوں کے گورنرز کے اجلاس سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کیا، جس کا انعقاد چین کے دارالحکومت بیجنگ میں کیا گیا۔

اپنے خطاب میں وزیر خزانہ نے اجلاس کی میزبانی پر چین کی حکومت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ اس اہم اجلاس میں ذاتی طور پر شرکت کے خواہاں تھے، تاہم پاکستان میں بجٹ سیزن کے باعث ممکن نہ ہو سکی۔

انہوں نے پاکستان کے لیے ایس سی او کی رکنیت کو نہایت اہم قرار دیا اور تنظیم کو علاقائی تعاون و روابط بڑھانے کا مؤثر پلیٹ فارم کہا۔ وزیر خزانہ نے “شنگھائی اسپرٹ” کے تحت مشترکہ ترقی، امن و استحکام کے لیے تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیر خزانہ نے ڈیجیٹل معیشت، مالی شمولیت، ٹیکنالوجی کی منتقلی، اور رکن ممالک کے درمیان مشترکہ منصوبوں کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ڈیجیٹل فنانس، فِن ٹیک، اور ماحولیاتی لحاظ سے پائیدار مالیاتی نظام کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔

سینیٹر اورنگزیب نے عالمی معیشت کو درپیش چیلنجز جیسے کہ سست روی، معاشی عدم مساوات، اور ماحولیاتی تبدیلیوں پر اجتماعی حکمت عملی اپنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے ایس سی او ڈویلپمنٹ بینک کے قیام کے منصوبے کی بھرپور حمایت کی اور اسے خطے میں معاشی ترقی، انفراسٹرکچر، اور رابطوں کے فروغ کا سنگ میل قرار دیا۔ پاکستان کے مؤقف کے مطابق یہ بینک جدید مالیاتی رجحانات، ڈیجیٹل حل اور گرین فنانسنگ کا مرکز ہونا چاہیے۔

وزیر خزانہ نے ایس سی او نیٹ ورک آف فنانشل تھنک ٹینکس کی تجویز کا بھی خیر مقدم کیا، اور توقع ظاہر کی کہ یہ نیٹ ورک پالیسی سازی، تحقیق اور مستقبل کی منصوبہ بندی میں اہم کردار ادا کرے گا۔

خطاب کے آخر میں وزیر خزانہ نے پاکستان کی جانب سے خطے میں معاشی استحکام، باہمی مفاد، اور پائیدار ترقی کے فروغ میں مکمل تعاون اور عزم کا اظہار کیا۔

انہوں نے ملک میں مالی نظم و ضبط، کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں کمی، کرنسی استحکام، اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں بہتری جیسے معاشی اشاریوں پر بھی روشنی ڈالی، اور بتایا کہ یہ اصلاحات پاکستان کی معیشت کو مستحکم بنیادوں پر استوار کرنے میں مدد دے رہی ہیں۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں