ہماری سب سے بڑی طاقت قوم اور اس کا عزم ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر
راولپنڈی: پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے چینی میڈیا گروپ کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں کہا ہے کہ پاک چین تعلقات خطے میں امن و استحکام کی بنیاد ہیں، دونوں ممالک دہشتگردی کے خلاف مثالی تعاون کر رہے ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ پاکستان کی سب سے بڑی طاقت اس کی قوم اور اس کا غیر متزلزل عزم ہے۔ “ہم اللہ کے بعد اپنے عزم پر بھروسہ کرتے ہیں، اور یہی ہماری اصل قوت ہے۔ جب قوم متحد ہو تو دنیا بھی اس کی بات سنتی ہے۔”
انہوں نے کہا کہ دنیا اس وقت ماحولیاتی تبدیلی، آبادی میں تیزی سے اضافہ اور معاشی چیلنجز جیسے مسائل سے دوچار ہے۔ ان حالات میں کسی ملک کا جھوٹے بیانیے کی بنیاد پر دوسرے پر چڑھائی کرنا ناقابلِ قبول ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے زور دیا کہ کوئی بھی ملک اپنے ہمسایوں پر اجارہ داری قائم نہیں کر سکتا۔ “پاکستانی قوم نہ پہلے کسی کے سامنے جھکی، نہ اب جھکے گی۔ ہمارے لیے شہادت زندگی سے زیادہ قیمتی ہے، چاہے وردی نیلی ہو، سفید ہو یا خاکی۔”
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین دونوں ذمہ دار ریاستیں ہیں جو اپنے عوام کی فلاح و بہبود اور خطے کے امن کے لیے سرگرم ہیں۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں دونوں ممالک کا تعاون قابلِ تقلید ہے۔ “دہشتگردی کا اصل مقصد ترقی کو روکنا ہے، مگر ہم نے اس سازش کو ناکام بنایا ہے اور ترقی کی راہ پر گامزن ہیں۔”
ڈی جی آئی ایس پی آر نے چین کی ترقی کو دنیا کے لیے ایک مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری کو چین سے سیکھنا چاہیے کہ کم وقت میں بڑی آبادی کو ترقی کے ثمرات کیسے پہنچائے جا سکتے ہیں۔ “پاکستانی قوم بھی امن، خوشحالی اور ترقی کی خواہاں ہے، اور ہماری اولین ترجیح ہمیشہ امن ہی رہی ہے۔”
انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کی گلیوں میں لوگ جنگ نہیں، بلکہ امن کی خوشی مناتے ہیں۔ “ہم اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ ہم ایک امن پسند قوم ہیں۔ ان شاء اللہ، پاکستان جلد ترقی کی نئی منزلیں طے کرے گا۔”