آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر ملک بھر میں یوم تشکر
فواجِ پاکستان کی عظیم عسکری فتح، “آپریشن بنیان مرصوص” کی کامیابی پر آج ملک بھر میں یومِ تشکر ملی جوش و جذبے سے منایا گیا۔ دن کا آغاز ملک بھر کی مساجد میں قرآن خوانی، نمازِ فجر کے بعد دعاؤں اور نمازِ شکر کی ادائیگی سے ہوا، جن میں شہداء کے درجات کی بلندی، ملکی سلامتی اور کشمیر کی آزادی کے لیے دعائیں کی گئیں۔
وزیراعظم ہاؤس میں پرچم کشائی، قوم سے خطاب
وزیراعظم شہباز شریف نے وزیراعظم ہاؤس میں پرچم کشائی کی تقریب میں شرکت کی اور قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی جارحیت کا مؤثر اور دندان شکن جواب دے کر پاکستان کی مسلح افواج نے عسکری تاریخ میں نئی مثال قائم کی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے لیکن دفاع وطن پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ فوج نے اپنے عزم، پیشہ وارانہ مہارت اور قربانی سے دشمن کو پیغام دیا کہ پاکستان کی خودمختاری مقدس ہے۔
صدر مملکت کا یومِ تشکر پر پیغام
صدر آصف علی زرداری نے اپنے خصوصی پیغام میں افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ “یہ فتح صرف عسکری نہیں بلکہ پوری قوم کی جیت ہے۔ ہم نے صبر، تحمل اور وقار کے ساتھ دشمن کو پیچھے ہٹنے پر مجبور کیا۔”
انہوں نے سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اپنی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی مفادات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
31 اور 21 توپوں کی سلامی سے دن کا آغاز
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دن کا آغاز 31 توپوں جبکہ صوبائی دارالحکومتوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں 21، 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔ چاق چوبند فوجی دستوں نے سلامی پیش کی، اور فضا “نعرۂ تکبیر، اللہ اکبر”، “پاکستان زندہ باد”، “افواجِ پاکستان پائندہ باد” کے نعروں سے گونج اٹھی۔
مزار قائد و اقبال پر حاضری، فاتحہ خوانی
کراچی میں کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل اویس دستگیر نے مزار قائد پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی، جبکہ لاہور میں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے مزار اقبال پر حاضری دی۔ دونوں مقامات پر افواج کی کامیابی کے اعتراف میں قومی یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔
سکردو کے طلبہ کا نغمہ، عوامی جذبے کا اظہار
بلتستان کے نوجوان بھی جذبۂ حب الوطنی سے سرشار نظر آئے۔ اسوہ بوائز اسکول سکردو کے طلبہ نے نغمہ “میرے وطن یہ عقیدتیں، وطن پر قربان” پیش کر کے سامعین کے دل جیت لیے، جو افواج سے عوامی محبت کا خوبصورت اظہار تھا۔
شمالی وزیرستان میں خصوصی جرگہ، پاک فوج سے یکجہتی
میرانشاہ میں قبائلی مشران نے ایک خصوصی جرگہ منعقد کیا، جس میں جنرل آفیسر کمانڈنگ میجر جنرل عادل افتخار نے شرکت کی۔ قبائلی عمائدین نے افواجِ پاکستان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کو خراجِ تحسین پیش کیا اور اعلان کیا کہ شمالی وزیرستان میں فتح کے جشن کی تقریبات اور ریلیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔
ملک بھر میں جشن، سوشل میڈیا پر عوامی اظہارِ جذبات
ملک کے طول و عرض میں یومِ تشکر کی تقریبات، ریلیاں، نغمے اور عوامی اجتماعات منعقد کیے گئے۔ شہریوں کی بڑی تعداد توپوں کی سلامی دیکھنے پہنچی جبکہ سوشل میڈیا پر افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کرنے والے پیغامات کا سیلاب آ گیا۔