علی پرویز ملک سے کینیڈین کونسلر کی ملاقات، توانائی تعاون پر گفتگو

علی پرویز ملک سے کینیڈین کونسلر کی ملاقات، توانائی تعاون پر گفتگو

علی پرویز ملک سے کینیڈین کونسلر کی ملاقات، توانائی تعاون پر گفتگو

وفاقی وزیر برائے پٹرولیم علی پرویز ملک سے آج اسلام آباد میں کینیڈین ہائی کمیشن کے سیاسی و تجارتی کونسلر ڈینیل آرسنالٹ نے ملاقات کی، جس میں توانائی، معدنیات، اور جیولوجیکل سروے سمیت دوطرفہ تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے کینیڈا کے نومنتخب وزیراعظم مارک کارنی کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد بھی دی۔

ملاقات میں پاک بھارت کشیدگی پر بھی گفتگو ہوئی۔ کینیڈین کونسلر نے خطے میں امن و استحکام کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے گنجان آباد علاقوں میں حملوں پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ تناؤ کے خاتمے کے لیے سفارتی راستہ اپنانا ناگزیر ہے۔ اس پر ردعمل دیتے ہوئے وفاقی وزیر علی پرویز ملک نے بھارت کی جانب سے شہری آبادی کو نشانہ بنانے کی شدید مذمت کی اور اسے بین الاقوامی قوانین اور انسانی اقدار کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پہلے ہی پہلگام واقعے کی تحقیقات کی پیشکش کر چکا ہے، اور بھارتی جارحیت محض مایوسی کا اظہار ہے۔ پاکستان اپنی خودمختاری کے دفاع کے لیے پوری طرح تیار ہے۔

ملاقات میں توانائی کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر خاص طور پر زور دیا گیا۔ فریقین نے صاف توانائی ٹیکنالوجیز، معدنی وسائل کے مشترکہ استعمال اور تجارتی روابط کو فروغ دینے کی اہمیت پر اتفاق کیا۔ وزیر پٹرولیم نے کینیڈین کمپنیوں کو پاکستان کے آنشور اور آفشور ایکسپلوریشن سیکٹر میں سرمایہ کاری کی دعوت دی، جہاں وسیع مواقع موجود ہیں۔

کینیڈین کونسلر نے “ٹیکنیکل اسسٹنس پارٹنرشپ (TAP)” پروجیکٹ کے تحت جیولوجیکل سروے آف پاکستان اور کینیڈین اداروں کے درمیان تعاون کے امکانات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے وزیر موصوف کو “گلوبل انرجی شو” میں شرکت کی دعوت بھی دی۔

وفاقی وزیر علی پرویز ملک نے کینیڈا کی جانب سے پاکستان کے ساتھ تعاون بڑھانے کی خواہش کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان معیشت کی بہتری کے لیے کلیدی اصلاحات کر رہا ہے اور کینیڈا کی مہارت و سرمایہ کاری سے بھرپور استفادہ کرنا چاہتا ہے۔

دونوں ممالک نے باہمی مفاہمت، اقتصادی ترقی، اور مستقل رابطے کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں