پاکستان کا ایک اور میزائل کا کامیاب تجربہ
پاکستان نے ایک بار پھر دفاعی صلاحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے الفتح میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ تجربہ “ایکس انڈس” مشق کے تحت کیا گیا، الفتح میزائل کی رینج 120 کلومیٹر ہے اور یہ جدید نیویگیشن سسٹم اور اعلیٰ درستگی کا حامل ہے۔ تجربے کا مقصد افواجِ پاکستان کی تیاریوں اور تکنیکی صلاحیت کا جائزہ لینا تھا۔
میزائل تجربے کا مشاہدہ پاکستان آرمی اور اسٹریٹیجک اداروں کے ماہرین و سائنسدانوں نے کیا، جبکہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور آرمی چیف نے ٹیم کو کامیابی پر مبارکباد دی۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاک فوج دشمن کی ہر جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے، اور یہ تجربہ اس اعتماد اور تیاری کا مظہر ہے۔
یاد رہے کہ دو روز قبل بھی پاکستان نے 450 کلومیٹر رینج والے جدید “ابدالی ویپن سسٹم” کا کامیاب تجربہ کیا تھا۔