واہگہ بارڈر بند، بھارتی ایئرلائنز پر پابندی! پاکستان نے بھارت کو معاشی جھٹکا دے دیا
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ اگر بھارت نے سندھ طاس معاہدہ ختم کیا تو پاکستان بھی شملہ سمیت دیگر معاہدے ختم کرنے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
وفاقی وزرا کی مشترکہ پریس کانفرنس میں بتایا گیا کہ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں بھارت کے جارحانہ اقدامات کے جواب میں اہم فیصلے کیے گئے۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ بھارت یکطرفہ طور پر سندھ طاس معاہدہ ختم نہیں کرسکتا، اگر ایسا کیا گیا تو پاکستان سخت ردعمل دے گا۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے واہگہ بارڈر بند کردیا ہے، بھارتی ہائی کمیشن کے عملے کی تعداد 55 سے کم کرکے 30 کر دی گئی ہے، اور بھارتی مشیران کو ناپسندیدہ شخصیات قرار دے کر ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ پہلگام حملے کے باوجود بھارت نے سرکاری طور پر پاکستان کا نام نہیں لیا، بھارتی میڈیا کے الزامات بے بنیاد ہیں۔ انہوں نے نریندر مودی کو “سرٹیفائیڈ دہشتگرد” قرار دیا۔
وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ بھارت کا بیان قانونی حیثیت نہیں رکھتا، پاکستان نے اس کا مؤثر جواب دیا ہے، بھارتی ایئرلائنز اب پاکستانی فضائی حدود استعمال نہیں کرسکیں گی۔
انڈس واٹر کمیشن کے رکن نے بتایا کہ سندھ طاس معاہدہ جنگوں کے باوجود قائم رہا اور اس کی معطلی ممکن نہیں، اس کو ختم کرنے کے لیے دونوں ممالک کی رضامندی ضروری ہے، فی الحال یہ صرف سیاسی بیان ہے، پاکستان متعلقہ فورمز سے رجوع کرے گا۔