پاک-افغان تعلقات میں نیا موڑ! محمد صادق خان کی اہم ملاقاتیں، بڑی پیش رفت متوقع
افغانستان کے لیے پاکستان کے نمائندہ خصوصی، سفیر محمد صادق خان نے 21 تا 23 مارچ کابل کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے افغان عبوری وزیر خارجہ امیر خان متقی اور وزیر تجارت نورالدین عزیزی سمیت دیگر حکام سے ملاقاتیں کیں۔
دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تعلقات، تجارتی و اقتصادی تعاون، سیکیورٹی، راہداری اور علاقائی روابط پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ فریقین نے باہمی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور اعلیٰ سطحی روابط جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق، نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی ہدایت پر کیے گئے اس دورے میں پاکستان نے افغانستان میں بڑھتی دہشت گردی، ٹی ٹی پی اور داعش کی سرگرمیوں پر بھی بات چیت کی۔ پاکستان نے افغانستان کی سرزمین کے دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے کا معاملہ افغان قیادت کے سامنے اٹھایا۔
دوسری جانب، طالبان حکومت نے حالیہ ملاقات میں 65 سالہ امریکی شہری جارج گلیزمین کو رہا کیا، جو دو سال سے طالبان کی حراست میں تھے۔ یہ پیش رفت سابق امریکی سفارت کار زلمے خلیل زاد کی سفارتی کوششوں کا نتیجہ قرار دی جا رہی ہے، جسے طالبان کی جانب سے امریکا کے لیے خیر سگالی کا اشارہ سمجھا جا رہا ہے۔
یہ دیکھنا باقی ہے کہ طالبان اور امریکا کے درمیان مزید کیا سفارتی پیش رفت ہوتی ہے، تاہم امریکی شہری کی رہائی کو ایک بڑی سفارتی کامیابی تصور کیا جا رہا ہے۔