موٹرویز پر تیز رفتاری کے خلاف کارروائی، مقدمات درج
لاہور: موٹروے پولیس نے تیز رفتاری کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 150 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زائد رفتار پر گاڑی چلانے والوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرنا شروع کر دی۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق لاہور-سیالکوٹ موٹروے پر دو گاڑیوں جبکہ موٹروے ایم-4 اور ایم-5 پر تین گاڑیوں کے خلاف مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ تمام ڈرائیورز کو گاڑیوں سمیت تحویل میں لے کر مقامی پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
موٹروے پولیس کی مدعیت میں درج مقدمات میں غفلت اور تیز رفتار ڈرائیونگ کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔ پولیس ترجمان کے مطابق تین لین والی موٹروے پر کاروں کی حد رفتار 120 کلومیٹر فی گھنٹہ جبکہ پبلک سروس گاڑیوں کے لیے 110 کلومیٹر فی گھنٹہ مقرر ہے۔
آئی جی موٹروے پولیس رفعت مختار راجہ کی ہدایت پر تیز رفتار گاڑیوں کے خلاف خصوصی مہم جاری ہے تاکہ قومی شاہرات پر محفوظ سفر کو یقینی بنایا جا سکے۔