نئے وزراء کے اعزاز میں ناشتے کا اہتمام، وزیراعظم کا کارکردگی پر واضح مؤقف
وزیراعظم محمد شہباز شریف سے نئے وفاقی وزراء، وزراء مملکت اور مشیروں سمیت وفاقی کابینہ کے ارکان نے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کابینہ کے نئے ارکان کے اعزاز میں ناشتے کا اہتمام بھی کیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تمام وفاقی وزراء اور کابینہ کے ارکان کا انتخاب ان کی قابلیت اور صلاحیتوں کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب اللہ تعالیٰ اور عوام کی عدالت میں جواب دہ ہیں اور اسی احساس ذمہ داری کے ساتھ ملک و قوم کی خدمت کرنی ہے۔
وزیراعظم نے ملکی معیشت میں بہتری کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ایک سال میں مہنگائی میں کمی، زر مبادلہ کے ذخائر میں اضافہ اور ترسیلات زر میں بہتری جیسے مثبت معاشی اعشاریے سامنے آئے ہیں۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ آئندہ سالوں میں معیشت کو مزید مستحکم بنانے کے لیے انتھک محنت جاری رکھی جائے گی۔
وزیراعظم نے واضح کیا کہ وہ خود تمام وفاقی وزراء اور کابینہ کے دیگر ارکان کی کارکردگی کا باقاعدہ اور متواتر جائزہ لیں گے۔ انہوں نے تمام وزراء کو تلقین کی کہ عوامی خدمت کو اپنا شعار بنائیں اور ملکی ترقی میں بھرپور کردار ادا کریں۔اس موقع پر وفاقی کابینہ کے ارکان نے ملکی ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے اپنی بھرپور توانائیاں صرف کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اجلاس کے شرکاء نے حالیہ معاشی ترقی اور حکومتی اقدامات پر وزیراعظم کو خراج تحسین پیش کیا۔ ملاقات میں ملکی معاشی صورتحال اور سیاسی امور پر تفصیلی گفتگو بھی کی گئی