نارووال سپورٹس سٹی کی رونقیں بحال ہورہی ہیں، احسن اقبال

نارووال سپورٹس سٹی کی رونقیں بحال ہورہی ہیں، احسن اقبال

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے یونیورسٹی آف نارووال میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نارووال سپورٹس سٹی کی رونقیں بحال ہو رہی ہیں اور حکومت نوجوانوں کو تعلیم و تفریح کی تمام سہولتیں فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ اڑان پاکستان منصوبے کے تحت ملک کے ہر کونے میں یونیورسٹیاں اور کھیل کے میدان بنائے جائیں گے، تاکہ نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے بہتر مواقع میسر آئیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی نوجوان بے پناہ صلاحیتوں کے حامل ہیں اور انہیں مشکلات کو مواقع میں بدلنا ہوگا۔

وفاقی وزیر نے اولمپکس ایتھلیٹ ارشد ندیم کی کامیابی کو نوجوانوں کے لیے مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان محنت اور لگن کے ذریعے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکتے ہیں۔

احسن اقبال نے کہا کہ ہمارا نظریہ نوجوانوں کو گالم گلوچ سکھانا نہیں، بلکہ ترقی کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے ماضی میں انتقامی کارروائیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے مشکلات برداشت کیں مگر کبھی واویلا نہیں کیا۔

وفاقی وزیر نے سابق صدر عارف علوی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انہوں نے امریکہ میں جا کر پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی کی اور ملکی وقار کو داؤ پر لگایا۔

حکومتی عزم
آخر میں احسن اقبال نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک میں تعلیم، کھیل، اور ترقیاتی منصوبوں کو فروغ دیا جائے گا تاکہ نوجوانوں کو ایک روشن مستقبل فراہم کیا جا سکے۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں