وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا وزیراعظم کو اجلاس بلانے کامطالبہ
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے وزیراعظم پاکستان کو خط لکھ کر مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس بلانے کی درخواست کی ہے۔ انہوں نے آئین کے آرٹیکل 154 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہر 90 دن میں اجلاس منعقد کرنا آئینی تقاضا ہے، جو جنوری 2024 کے بعد سے پورا نہیں کیا جا رہا۔خط میں وزیر اعلیٰ نے وزیراعظم سے درخواست کی کہ وہ ذاتی دلچسپی لے کر ان اجلاسوں کے باقاعدہ انعقاد کو یقینی بنائیں تاکہ تمام صوبے اہم معاملات پر باہمی مشاورت سے فیصلے کر سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس کا تسلسل صوبوں کے حقوق کے تحفظ اور قومی ہم آہنگی کے لیے انتہائی ضروری ہے۔ اجلاس نہ ہونے سے اہم معاملات پر پیش رفت رک گئی ہے، جس سے عوامی مسائل کے حل میں تاخیر ہو رہی ہے۔وزیر اعلیٰ نے اس بات پر زور دیا کہ آئینی تقاضوں کی پابندی نہ صرف جمہوری اصولوں کی پاسداری ہے بلکہ یہ قومی یکجہتی اور اعتماد کے فروغ کے لیے بھی ناگزیر ہے۔