بنکاک، تھائی لینڈ میں جاری علاقائی کمیٹی کے18 اجلاس میں این ڈی ایم اے پاکستان کے وفد نے چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک کی سربراہی میں شرکت کی۔ ایشائی سینٹر برائے تیاری آفات (اے ڈی پی سی) اور حکومت تھائی لینڈ کی مشترکہ میزبانی میں 23 تا 24 جنوری 2025 تک دو روزہ اجلاس منعقد کیا جا رہا ہے۔ علاقائی مشاورتی کمیٹی ایشیا ئی خطے میں آفات اور موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات کے تدارک کے حوالے سے مشاورت اور تعاون کو فروغ دینے کا ایک علاقائی فورم ہے۔ اس سال کی علاقائی مشاورتی کمیٹی میٹنگ کا موضوع ‘پائیدار ترقی کے اہداف کے لیے ممکنہ اقدامات” ہے، جو این ڈی ایم اے پاکستان کے فعال اور قبل از وقت اقدامات اور نقطہ نظر کے ساتھ ہم آہنگ ہے۔ پاکستان کی جانب سے قدرتی آفات اور موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات کے تدارک کے لیے پیشگی اقدامات اور جدید ٹولز اور سافٹ وئیرز کا استعمال پاکستان کی کارکردگی کو نمایاں کرتا ہے۔ چیئرمین NDMA لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے آج استحکام کے حصول کے لیے مالی معاونت اور سرمایہ کاری پر تکنیکی سیشن میں مقرر کے طور پر شرکت کی۔اس موقع پر چیئرمین نے ایشیا پیسیفک ریجن اور پاکستان میں موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات بشمول بڑھتے ہوا درجہ حرارت، موسمی شدت، اور پانی کے بحران جیسے مسائل اوران کے حل کے لیے ممکنہ اقدامات کے حوالے سے بات چیت کی۔انہوں نے آفات کے خطرات کے تدارک اورعلاقائی مشاورتی کمیٹی کے ذریعے موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لیے متاثرہ ممالک کو مطلوبہ مالی وسائل فراہم کرنے کے لیے مناسب مالیاتی لائحہ عمل تیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ چئیرمین این ڈی ایم اے نے پاکستان کی جانب سے جدید ترین مصنوعی ذہانت اور تکنیکی اصولوں پراستوار نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (این ای او سی) کے قیام کے ذریعے استحکام کو فروغ دینے اورصلاحیتی دائرہ کار کو بڑھانے کے لیے کئے گئے اقدامات کے بارے میں بھی آگاہ کیا اور دیگر ممالک کو بھی اس حوالے سے تعاون فراہم کرنے کی یقین دہائی کرائی۔ علاقائی مشاورتی کمیٹی ایک اہم فورم ہے جو 2000 میں قائم ہوا اور اب اے ڈی پی سی کے چارٹر کے تحت ایک اہم ادارہ ہے جوایشیا اور بحرالکاہل میں آفات اور موسمیاتی خطرات سے نمٹنے کے لیے علاقائی مشاورت اور تعاون کو فروغ دینے میں قابل قدر کردار ادا کر رہا ہے۔
