اے ٹی ایم ہیکنگ گروہ دوبارہ فعال، شہریوں کو لوٹنے کا سلسلہ جاری
کراچی میں ATM ہیک کرکے شہریوں کو لوٹنیوالے آئی ٹی ماہر گروہ کے سرگرم ہونیکا انکشاف ہوا ہے۔
کراچی کے علاقے ناظم آباد میں ملزمان نے بزرگ شہری شہری کے اکاؤنٹ سے ساڑھے چار لاکھ روپے نکالے۔ بزرگ شہری سے ہونے والے فراڈ کی سی سی ٹی وی بھی سامنے آگئی۔ ایس آئی یو نے 1 ملزم کو گرفتار کرکے دیگر کی تلاش شروع کردی ۔ایس ایس پی ایس آئی یو شعیب میمن نے بتایا کہ ملزمان آئی ٹی کے ماہر ہیں۔ جوATM ہیک کرکے بینک کے باہر موجود رہتے ہیں۔ جیسے ہی کوئی شہری مشین استعمال کرتا ہے، کارڈ پھنسنے کے باعث جعلسازی کا شکار ہوجاتا ہے۔ملزمان کا ایک ساتھی شہری کی مدد کے بہانے اندر آتا اور ہیلپ لائن پر کال ملاکر جعلسازی سے پاس ورڈ اور دیگر تفصیلات حاصل کرلیتا ہے۔
ایس ایس پی ایس آئی یو کا کہنا تھا کہ گروہ میں خاتون بھی شامل ہے، گرفتار ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے کوششیں جاری ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان نے لاہور، اسلام آباد، کراچی سمیت کئی شہروں میں وارداتیں کیں۔واضح رہے کہ دو روز قبل لاھور پولیس نے بھی ATM سے رقم نکالنے والے شہریوں کو ٹارگٹ کرنے والا ڈکیت گروہ پکڑ لیا تھا۔
ATM سے رقم نکالنے والے شہریوں کو ٹارگٹ کرنے والا ڈکیت گروہ نواب ٹاون لاہور سے پکڑا گیا، ملزمان سے موبائل فونز، اسلحہ اور چھینی گئی رقم برآمد کر لی گئی ۔
دو رکنی گروہ نواب ٹاؤن اور صدر میں وارداتیں کرتا تھا۔ ATM سےرقم لیکرجانےوالوں کو لوٹنے کی فوٹیجز بھی سامنے آئیں، ملزمان سابقہ ریکارڈ یافتہ ہیں،مزید تفتیش جاری ہے۔
حکام کے مطابق عوام ATM استعمال کرتے وقت اپنے اردگرد ماحول کا سختی سے مشاہدہ کریں، اپنی مالی معلومات، پن، پاس ورڈز، یوزر آئی ڈی اور او ٹی پیز کسی غیر متعلقہ شخص سے شیئر نہ کریں،کسی بھی مشکوک لنکس پر کلک کرنے سے پرہیز کریں، اپنے مالی تحفظ کے لیے سرکاری ذرائع اور تصدیق شدہ معلومات پر بھروسہ کریں۔