وزیر داخلہ کا پولیس اکیڈمی دورہ، اپ گریڈیشن کا اعلان

وزیر داخلہ کا پولیس اکیڈمی دورہ، اپ گریڈیشن کا اعلان

اسلام آباد: کئی سالوں بعد نیشنل پولیس اکیڈمی کی سنی گئی، وفاقی وزیر داخلہمحسن نقوی نے نیشنل پولیس اکیڈمی کی اپ گریڈیشن کا اعلان کردیا۔

وزیرداخلہ محسن نقوی نے نیشنل پولیس اکیڈمی کا دورہ کیا اور اکیڈمی ہاسٹل اور میس کا تفصیلی معائنہ کیا اور زیر تربیت افسران کے لئے فراہم کردہ سہولتوں کا جائزہ لیا۔

محسن نقوی نے زیر تربیت افسران سے ملاقات کی اور ان سے سہولتوں سے متعلق دریافت کیا، انہوں نے پولیس اکیڈمی میس میں کھانا کھا کر معیار چیک کیا اور کھانے کی تعریف کی۔

بعدازاں وفاقی وزیر محسن نقوی کی زیرصدارت نیشنل پولیس اکیڈمی کی تنظیم نو کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں نیشنل پولیس اکیڈمی کے سربراہ اور متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔

اس موقع پر وفاقی وزیر محسن نقوی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سب سے پہلے بین الاقوامی معیار کے کنسلٹنٹ سے این پی اے کا نیا ماسٹر پلان تیار کرایا جائے، نیشنل پولیس فاؤنڈیشن کی جانب سے 25 کروڑ کا چیک جلد این پی اے کے حوالے کر دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ نیشنل پولیس اکیڈمی کو مالی طور پر خود مختار ادارہ بنانا ہے، اکیڈمی کی تنظیم نو کے کام کو تین ماہ میں مکمل کرنا ہے۔

محسن نقوی نے نیشنل پولیس اکیڈمی کو یونیورسٹی کا درجہ دینے کیلئے فی الفور ضروری اقدامات کی ہدایت دی اور کہا کہ اے ایس پیز کے کورس کو جدید دور کے تقاضوں کے مطابق بنانا ہو گا۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ اکیڈمی میں انسداد دہشتگردی، اینٹی روئٹس، سائبر اور دیگر شعبوں میں بھی کورسز کا اجراء کیا جائے گا، نیشنل پولیس اکیڈمی میں ملٹری اکیڈمی کاکول کی طرح بہترین آفیسرز تعینات کیے جائیں گے، پولیس اکیڈمی تعینات ہونے والے افسران کو بہتر الاؤنسز اور سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ نیشنل پولیس اکیڈمی میں ماڈل تھانہ اور تربیتی لیبارٹریاں بھی بنائی جائیں گی تاکہ افسران کو اس ضمن میں تربیت فراہم کی جا سکے۔

محسن نقوی نے مزید کہا کہ نیشنل پولیس اکیڈمی کو ایک بین الاقوامی معیار کا ادارہ بنانا ہے، دیگر ممالک سے افسران ٹریننگ کیلئے نیشنل پولیس اکیڈمی آئیں گے۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں