کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس 7سو29 ملین ڈالرپر پہنچنا معیشت کیلئے خوش آئند ہے،شہباز شریف
پرائم منسٹر شہباز شریف نے ریکارڈ کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس کے حصول پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔پرائم منسٹر نے ایک بیان میں وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب، وزیر مملکت علی پرویز ملک اور معاشی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا۔شہباز شریف نے کہا کہ 10 سال میں پہلی بار نومبر 2024ء میں کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس 7سو 29 ملین ڈالر ہوا ہے، یہ اقدام ملکی معیشت کےلیے انتہائی خوش آئند ہے۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ پالیسی ریٹ میں کمی، مھنگائی اور افراط زر میں بتدریج کمی ہورہی ہے، پاکستانی معیشت پر ملکی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوگا۔انکا کہنا تھا کہ کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس میں ریکارڈ اضافے سے پاکستان کی عالمی معاشی مارکیٹ میں پوزیشن مستحکم ہوگی۔