شام میں پھنسے 318 پاکستانی وطن واپس پہنچ گئے
تفصیلات کے مطابق شام میں پھنسے 318 پاکستانی چارٹرڈ طیارے کے ذریعے پاکستان واپس پہنچ گئے ہیں، شام سے لبنان کے شہر بیروت پہنچنے والے پاکستانی چارٹرڈ پرواز کے ذریعے وطن پہنچے ہیں۔پاکستان پہنچنے پر وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے استقبال کیا، احسن اقبال نے کہا شام کی تازہ صورتحال کے باعث زائرین وہاں پھنس گئے تھے۔وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانیوں کو خیریت سے ملک واپس آنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، پاکستانیوں کی باحفاظت واپسی پر لبنان کے وزیراعظم کے شکر گزار ہیں۔
یاد رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے لبنانی وزیر اعظم سے رابطہ کیا تھا اور وزیر اعظم کی درخواست پر لبنان نے پاکستانی شہریوں کو ویزے جاری کئے تھے۔واضح رہے کہ شام کے دارالحکومت دمشق میں باغیوں کے قبضے کے نتیجے میں معزول صدر بشارالاسد کے طویل مدتی اقتدار کا خاتمہ ہوگیا تھا جس کے بعد محمد البشیر کو شام میں عبوری حکومت کے وزیراعظم کے طور نامزد کیا گیا تھا۔