بیلاروس کے صدر کی پاکستان آمد ، وزیراعظم کی جانب سے ائیرپورٹ پر شاندار استقبال
بیلاروس کے صدر عزت مآب ایلیکزانڈر لوکاشینکو (Aleksandr Lukashenko) 3 روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے راولپنڈی کی پی اے ایف نور خان ائیر بیس پر بیلاروس کے صدر کا استقبال کیا ۔ نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور سینئر سرکاری حکام بھی معزز مہمان کے استقبال کیلئے موجود تھے ۔ بیلاروس کے صدر وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر 25 سے 27 نومبر 2024 تک پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں ،
بیلاروس کے صدر کے دورہء پاکستان کے دوران صدر لوکا شینکو اور وزیر اعظم محمد شہباز شریف کے درمیان ملاقات ہو گی اور دونوں ممالک کے درمیان وفود کی سطح پر بھی بات چیت ہو گی، اس دوران بیلاروس اور پاکستان کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کیلئےمفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہونگے ۔ یاد رہے کہ بیلاروس کے وزیر خارجہ کی زیر قیادت 68 رکنی اعلیٰ سطحی وفد گزشتہ روز پاکستان پہنچا تھا ، وفد میں بیلاروس کی کابینہ کے اہم وزراء سمیت معروف کاروباری شخصیات اور سرمایہ کار شامل ہیں ۔ بیلا روس کے صدر کا دورہء پاکستان دونوں ممالک کے درمیان مضبوط اور بڑھتی ہوئی شراکت داری کی عکاسی کرتا ہے۔