شہباز شریف عرب اسلامک سربراہ کانفرنس میں شرکت کے بعد باکو روانہ
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف عرب اسلامک ممالک کے غیر معمولی سربراہی اجلاس میں شرکت کے بعد ریاض سے باکو کے لیے روانہ ہوگئے۔ریاض کے انٹر نیشنل رائل ٹرمینل پر پاکستان میں تعینات سعودی سفیر نواف سعید المالکی، سعودی عرب میں تعینات پاکستانی سفیر احمد فاروق اور دیگر سفارتی عملے نے وزیراعظم کو رخصت کیا۔اپنے 3 روزہ دورہ آذربائیجان کے دوران وزیراعظم باکو میں کانفرنس آف پارٹیز کے 29ویں (COP-29) کلائمیٹ ایکشن سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔دنیا میں ماحولیاتی آلودگی کو کم کرنے اور موسمیاتی تبدیلی کے مضر اثرات سے دوچار ممالک کی مشکلات کو اجاگر کرنے کے لیے منعقدہ اس اجلاس میں وزیرِاعظم پاکستان کی نمائندگی کریں گے اور پاکستان کو لاحق موسمیاتی تبدیلی کے خطرات پر روشنی ڈالیں گے۔وزیرِ اعظم پاکستان کی جانب سے منعقد کلائیمیٹ فنانس گول میز کانفرنس کی میزبانی کریں گے
جس میں متعدد عالمی رہنما شرکت کریں گے۔وزیراعظم شہباز شریف اس کے ساتھ ساتھ تاجک صدر امام علی رحمان کی جانب سے گلیشیئرز کے تحفظ کے لیے منعقدہ اعلیٰ سطح تقریب ’گلیشیئرز 2025: گلیشیئرز کے لیے اقدامات‘ میں بھی شرکت کریں گے۔وزیرِاعظم شہباز شریف اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کی جانب سے بڑھتے ہوئے عالمی درجہ حرات پر منعقدہ اعلی سطح تقریب “Delivering Early Warning for All and Addressing Extreme Heat” میں شرکت کرنے کے ساتھ ساتھ آذربائیجان کے صدر کی جانب سے عالمی رہنماؤں کے اعزاز میں دئیے گئے عشائیے میں بھی شرکت کریں گے۔وزیراعظم COP-29 میں شرکت کے لیے آئے عالمی رہنماؤں سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے جہاں نہ صرف باہمی تعلقات کے فروغ پر گفتگو ہوگی بلکہ وزیرِاعظم پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی سے لاحق خطرات پر بھی روشنی ڈالیں گے۔نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی وزیرِاعظم کے ہمراہ ہیں۔