لاہور کی فضا کا معیار انتہائی مضر صحت ہونیکے سبب دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں لاہور کا آج پھر پہلا نمبر ہے۔ حکومتِ پنجاب نے الرٹ جاری کیا تھا کہ انڈیا میں کثرت سے فصلوں کی باقیات جلانے سے لاھورکے ائیر کوالٹی انڈیکس میں غیر معمولی اضافہ ہوسکتا ہے۔
حکومت کیجانب سے خراب فضائی معیار کے باعث لاہور کے شہریوں کو گھروں میں رہنے اور کھڑکی دروازے بند رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے کسی حصے میں بارش کا کوئی امکان نہیں اور پنجاب کے بیشتر علاقوں کا اسموگ سے متاثر رہنیکا خدشہ ہے۔
بھارت میں فصل کی باقیات جلانے سے اسموگ میں اضافہ ہوا، مریم اورنگزیب
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ بھارت سے آلودہ ہوا لاہور میں داخل ہونے سے ہفتہ کی صبح شہر کا ایئر کوالٹی انڈیکس1000 تک پہنچ گیا تھا جب کہ آئندہ (48) گھنٹے تک اسموگ کی شدت برقرار رہیگی۔ بھارتی علاقوں میں فصل کی باقیات جلانے سے اسموگ میں اضافہ ہوا۔مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ لاہور میں پھیلنے والی اسموگ کی ناسا نے فضائی تصویر جاری کی ہے۔ ہوا کیساتھ دھواں بھی پاکستانی علاقوں میں داخل ہوگیا جس سے صورتحال خراب ہوگئی ہے۔
اسموگ میں شدید اضافے کے بعد شہری اپنے گھروں سے باہر نہ نکلیں۔ شہری ماسک لازمی پہنیں سانس، سینے اور دل کے امراض میں مبتلا افراد احتیاط کریں اور خاص طور پر بزرگ افراد کھلی فضا میں نہ جائیں۔اسلام آباد میں فضائی آلودگی سے نمٹنے کیلئے ضلعی انتظامیہ نے دفعہ 144 کے تحت پابندیاں عائد کردیں۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اسلام آباد کیجانب سے زہریلی گیسوں کا اخراج روکنے کیلئے احکامات جاری کردیے گئے ہیں۔نوٹیفکیشن کے مطابق احکامات کا اطلاق فی الفور آئندہ دو ماہ تک کیلیے ہوگا جب کہ خلاف ورزی کی صورت میں سخت قانونی کارروائی کی جائیگی۔ فیکٹریوں ،گاڑیوں، بھٹوں سے زہریلی گیسوں کے اخراج سمیت کوڑا اور فصلیں جلانے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔