وزیر اعظم اور قطر کے وزیراعظم عزت مآب شیخ محمد بن عبدالرحمن الثانی کے درمیان آج دوحہ میں ملاقات ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات کو، خصوصاً تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور ثقافتی تبادلے جیسے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے تبادلہ ء خیال کیا۔پرائم منسٹرشہباز شریف نے پاکستان کی اقتصادی ترقی میں قطر کے تعاون کو سراہا اور مختلف شعبوں میں قطر کی مسلسل حمایت پر اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا ۔
انہوں نے قطر میں موجود پاکستانیوں کی میزبانی کرنے پر قطر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ پاکستانی دونوں ممالک کی ترقی میں ایک پل کا کردار ادا کر رہے ہیں.دونوں رہنماؤں نے عالمی اور علاقائی مسائل پر تبادلہ ء خیال کیا اور ان چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے پرامن حل اور باہمی تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔پرائم منسٹر نے غزہ تنازع پر قطر کے اصولی موقف اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے اس کی مسلسل کوششوں کو بھی سراہا۔ وزیراعظم شہباز نے تنازع کے حل اور غزہ کے عوام کے مصائب کو کم کرنے کے لیے قطر کے انسانی ہمدردی کے اقدامات اور سفارتی کوششوں کی تعریف کی۔
انہوں نے مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن کے فروغ کے لیے قطر کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے، مذاکرات کے سہولت کار اور علاقائی تنازعات کے منصفانہ حل کیلئے قطر کے کردار کو سراہا۔ قطری وزیر اعظم نے خطے میں پاکستان کی اسٹریٹیجک اہمیت کا اظہار کرتے ہوئے، اقتصادی ترقی اور علاقائی استحکام کے قطر کے وژن کے مطابق پاکستان کیساتھ تعلقات کو مضبوط بنانے کیلئے اپنے عزم کا اظہار کیا۔ قطر کے وزیراعظم نے افغانستان سمیت خطے میں امن کے فروغ کے لیے پاکستان کیساتھ ملکر کام کرنیکے عزم کا اظہار کیا۔
دونوں رہنماؤں نے تعاون کو فروغ دینے اور ترقی کے نئے شعبوں کی نشاندہی کرنے کیلئے اعلیٰ سطحی تبادلوں کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔مزید برآں، وزیراعظم شہباز نے قطری سرمایہ کاروں کو پاکستان کے متنوع اقتصادی شعبوں بشمول زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سیاحت میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ انھوں نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے سازگار ماحول فراہم کرنیکے لئے پاکستانی حکومت کے عزم اور حکمت عملی سے قطری وزیر اعظم کو آگاہ کیا ۔شہباز شریف نے قطر کے امیر اور وزیر اعظم شیخ محمد بن عبدالرحمن الثانی کا پر تپاک مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انکا یہ دورہ پاکستان اور قطر کے درمیان دوستی، باہمی احترام اور تعاون کے مضبوط تعلقات کو مزید مضبوط کریگا.
***