صدرآزادجموں وکشمیر بیرسٹرسلطان محمودچوہدری نے کہا ہے کہ آزادجموں وکشمیر کے عوام 77سال سے آزادی کی خوشی منارہے ہیں لیکن یہ خوشی اسوقت تک ادھوری ہے جب تک لائن آف کنٹرول کے دوسری جانب مقبوضہ جموں وکشمیر آزادہوکر پاکستان کا حصہ نہیں بن جاتا۔ کشمیر یوں نے ہندوستان کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کیلئے قربانیوں کی لازوال تاریخ رقم کی ہے۔ کشمیری اپنے حق خودارادیت کے لیے ہر طرح کی قربانی دینے کو تیار ہیں۔ان خیالات کااظہارصدرآزادجموں وکشمیر بیرسٹرسلطان محمود چوہدری نے آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر کے 77ویں یوم تاسیس کی مرکزی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔
تقریب میں وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری انوارالحق، سابق صدور و سابق وزرائے اعظم، قائد حزب اختلاف، وزراء حکومت، ممبران اسمبلی، سیکرٹریز حکومت،انسپکٹر جنرل پولیس،افواج پاکستان کے اعلیٰ افسران سمیت سول و عسکری حکام کے علاوہ شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔صدرریاست بیرسٹرسلطان محمود چوہدری نے وزیراعظم چوہدری انوار الحق کے ہمراہ پرچم کشائی کی۔یوم تاسیس کی مرکزی تقریب میں آزادکشمیر پولیس،ریسکیو 1122، کمانڈوز،گرلزگائیڈ، بوائز سکاوٹس،ٹورسٹ پولیس کے چاک و چوبند دستوں نے سلامی دی اورمارچ پاسٹ کیا۔صدرریاست بیرسٹرسلطان محمود چوہدری نے پریڈ کامعائنہ کیا۔صدر ریاست آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اپنے خطاب میں مزید کہاکہ ہندوستان نے 5اگست2019کو آرٹیکل 370اور35اے کو ختم کرتے ہوئے اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قرادادوں کی خلاف ورزی کی،
کشمیریوں نے کبھی بھارت کے تسلط کو قبول نہیں کیا۔ مودی دنیا کا لیڈر بننا چاہتا تھا لیکن بین الاقوامی سطح پر اسکا اصل چہرہ بے نقاب ہوچکا ہے،گجرات میں اقلیتوں اور کشمیریوں کے قاتل مودی کے عزائم دنیا پر ظاہر ہورہے ہیں، مودی دنیا میں عالمی دہشتگرد ڈکلئیر ہو چکا ہے، کنیڈا سمیت دیگر ممالک نے مودی کو Criminal قراردیا ہے۔صدرریاست نے کہاکہ ہندوستان نے کشمیریوں کو انکا بنیادی حق خودارادیت نہیں دیا، لیکن کشمیری اپنے حق خودارادیت کے حصول سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے، کشمیری اپنا حق لیں گے اور پاکستان کا حصہ بنیں گے۔ انہوں نے کہاکہ کشمیریوں کو دنیا میں حمایت مل رہی ہے۔ 1947 میں کشمیریوں نے جانوں کی قربانیاں دیکر یہ خطہ آزاد کروایا۔ انہوں نے کہ وقت آگیا ہے کہ ہم سب مل کر زیادہ موثر اور جاندار انداز میں لائن آف کنٹرول کے دوسری جانب مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کی آواز بلند کریں اورتحریک آزادی کشمیر کی کامیابی کیلئے اپنی تمام ترتوانائیاں بروئے کار لائیں۔