وفاقی کابینہ 26ویں آئینی ترمیم کا مسودہ آج منظور کریگی
گذشتہ شب وفاقی کابینہ کا فوری اجلاس طلب کیا گیا جس میں (26)ویں آئینی ترمیم کے مسودے پر غور کیا گیا۔ اجلاس پارلیمنٹ ہاوس میں وزیراعظم چیمبر میں ہوا جس میں تمام وفاقی وزرا موجود تھے۔ پرائم منسٹر شہباز شریف اور اٹارنی جنرل منصور عثمان، اسحاق ڈار، اعظم نذیر تارڑ اور محسن نقوی بھی موجود تھے۔اجلاس میں وزیرِ قانون و انصاف نے 26ویں آئینی ترمیم پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں متحدہ قومی موومنٹ، مسلم لیگ ق، استحکام پاکستان پارٹی سمیت کابینہ کے ارکان کو 26ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے اعتماد میں لیا گیا۔
کابینہ اجلاس آج سہ پہر دو بج کر (30) منٹ پر دوبارہ منعقد کیا جائیگا.اجلاس کے بعد وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے بتایا کہ کابینہ کا اجلاس آج دوپہر اڑھائی بجے دوبارہ ہوگا۔ بعض تبدیلیوں کے بعد کابینہ سے ترمیمی بل کی منظوری آج لی جائیگی.اعظم نذیر تارڑ نے بتایا کہ پارلیمانی کمیٹی میں ڈرافٹ کو حتمی شکل دی گئی، مولانا فضل الرحمان کو بھی ڈرافٹ کا حصہ بنایا گیا، کمیٹی نے جو ڈرافٹ منظور کیا تھا وہ کابینہ کے سامنے رکھا،کابینہ کو پوری طرح بریف کردیا گیا ہے، پچھلے 4 ہفتوں سے تواتر سے یہ کام جاری ہے۔دوسری جانب سینیٹ کا اجلاس آج سہ پہر 3 بجے تک ملتوی ہو گیا ہے جب کہ قومی اسمبلی کا اجلاس شام 6 بجے ہوگا۔