پاکستان اور چین کا اسٹریٹجک تعاون مزید گہرا کرنے پر اتفاق

چین کے وزیراعظم لی چیانگ نے پاکستان میں سرمایہ کاری جاری رکھنے اور اسٹریٹجک تعاون بڑھانے کا اعلان کیا ہے۔صدرآصف علی زرداری سے چین کے وزیراعظم لی چیانگ کی ملاقات کا اعلامیہ جاری ہوا۔ جس کے مطابق وزیراعظم لی چیانگ نے کہا کہ پاکستان اور چین اچھے بھائی، پڑوسی، شراکت دار اور دوست ہیں، صدر شی جن پنگ کی قیادت میں پاک چین اسٹریٹجک تعاون مزید گہرا ہوتا رہے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اورچین کے مابین تعلقات کے فروغ میں صدرکی خدمات کے معترف ہیں، دونوں ممالک نے عالمی چیلنجز سے قطع نظر ایک دوسرے کی مسلسل حمایت کی، پاکستان اورچین شراکت داری کو بلندیوں تک لے جانے کے لیے تعاون جاری رکھیں گے۔وزیراعظم لی چیانگ نے سی پیک ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے چینی کمپنیوں کی مدد جاری رکھے گا، امید ہے کہ پاک چین تعلقات مستقبل میں مزید مضبوط ہوتے رہیں گی۔

اعلامیہ کے مطابق چینی وزیر اعظم نے مضبوط حمایت پر پاکستان کو سراہا اور کہا کہ چین پاکستان کی علاقائی سالمیت، خودمختاری اور خوشحالی کی حمایت جاری رکھے گا۔اس موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ پاک-چین تعلقات کو وسعت دینے کی مزید گنجائش موجود ہے۔ انہوں نے تجارتی اور عوامی روابط بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔صدر نے کہا کہ چینی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانا چاہیے، سی پیک، گوادر پورٹ کی مدد سے چین کی اقتصادی ترقی سے استفادہ کرنے کا وقت آ گیا، نومبر میں چین کا دورہ کروں گا۔انہوں نے کہا کہ پرانے دوستوں کے ساتھ رابطہ قائم کرنے ، تعلقات مضبوط بنانے کیلئے بات چیت کا منتظر ہوں، پاکستان کو باہمی اہمیت کے اہم مسائل پر چین کی ہمیشہ غیر متزلزل حمایت حاصل رہی۔

صدر مملکت نے دہشت گردانہ حملے میں دو چینی شہریوں کی ہلاکت پر دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ دلخراش واقعہ پوری قوم کیلئے تکلیف کا باعث بنا، پاک چین دوستی کے دشمن چینی شہریوں کو نشانہ بنا کر دوطرفہ تعلقات خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔آصف علی زرداری نے کہا کہ پاک چین دوستی کے دشمن سی پیک منصوبوں کو متاثر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، دشمن اپنی مذموم کوششوں میں کامیاب نہیں ہوں گے۔اعلامیہ کے مطابق آصف علی زرداری نے مجرموں کو مثالی سزا دینے کے پاکستان کے عزم کے اظہار کیا۔ انہوں نے کہاکہ چینی شہریوں کی سیکیورٹی بڑھانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرینگے، صدر مملکت نے تنازعہ جموں و کشمیر پر پاکستان کی حمایت پر چین کا شکریہ ادا کیا۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں