بارشوں کا طوفان، 25 جون تک بادل برسیں گے، خطرے کی گھنٹی بج گئی

بارشوں کا طوفان، 25 جون تک بادل برسیں گے، خطرے کی گھنٹی بج گئی

اسلام آباد: ملک بھر میں پری مون سون سیزن عروج پر ہے اور محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ 25 جون تک وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔ بالائی علاقوں میں موسلا دھار بارش جبکہ جنوبی علاقوں میں شدید گرمی اور گرد آلود ہواؤں کا راج برقرار ہے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں رات گئے تیز بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ سیدپور میں 27 ملی میٹر جبکہ شمس آباد میں 15 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ حبس کی شدت کے باوجود بادلوں کی گرج اور بارش نے شہریوں کو کچھ راحت دی۔

راولپنڈی میں رین ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ واسا حکام کے مطابق نالہ لئی میں پانی کا بہاؤ قابو میں ہے، جبکہ نشیبی علاقوں میں نکاسی آب کی مشینری الرٹ کر دی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، مری، گلیات، اٹک، تلہ گنگ، راولپنڈی، چکوال، جہلم، ایبٹ آباد، مانسہرہ اور سوات سمیت کئی علاقوں میں بارش اور گرج چمک کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔ جنوبی پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں شدید گرمی، آندھی اور گرد آلود ہواؤں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

ادھر کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی توقع ہے، جبکہ خیبرپختونخوا کے کچھ علاقوں میں موسمی شدت کے باوجود چند مقامات پر بارش ہو سکتی ہے۔

این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ موسلا دھار بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔ عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پہاڑی علاقوں، ڈھلوانوں اور نالوں سے دور رہیں۔ سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں