ہیٹ اسٹروک کا خدشہ، کئی شہر خطرے میں، عوام کیلئے ہنگامی ہدایات جاری
اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش اور تیز ہواؤں کی پیشگوئی کی ہے، جس سے گرمی کی شدت میں کمی آنے کا امکان ہے۔
رپورٹس کے مطابق پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم بدستور گرم اور خشک رہے گا، تاہم مری اور گلیات میں جزوی طور پر ابر آلود مطلع کے ساتھ ہلکی بارش متوقع ہے۔ جنوبی پنجاب کے شہروں بہاولنگر، ملتان، ساہیوال اور پاکپتن میں تیز ہوائیں چلنے کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے، جبکہ خانیوال اور ڈیرہ غازی خان میں آندھی کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
خیبرپختونخوا میں بارش کے امکانات نسبتاً زیادہ ہیں۔ کوہستان، بٹگرام، سوات، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور ہری پور میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور آندھی متوقع ہے، جس کے باعث موسم خوشگوار رہنے کی امید ہے۔
دوسری جانب سندھ اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا۔ درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کر سکتا ہے۔ محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہیٹ اسٹروک سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اپنانے، غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور خود کو ہائیڈریٹ رکھنے کی ہدایت جاری کی ہے۔
بارش والے علاقوں کے رہائشیوں کو نشیبی مقامات سے دور رہنے اور احتیاط برتنے کی بھی تاکید کی گئی ہے۔