موسم بپھر گیا, طوفان، آندھی اور ژالہ باری کی وارننگ جاری
اسلام آباد: ملک کے مختلف علاقوں میں آئندہ چار روز کے دوران شدید موسمی صورتحال کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے 27 مئی سے یکم جون تک موسمی خطرات کے حوالے سے ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں وقفے وقفے سے آندھی، گرج چمک اور بارش کی پیش گوئی ہے۔
پنجاب کے شہروں راولپنڈی، مری، اٹک، لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، فیصل آباد، سرگودھا، میانوالی، خوشاب، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ساہیوال، اوکاڑہ اور قصور میں بھی تیز آندھیوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ جنوبی پنجاب کے علاقوں ملتان، بہاولپور، ڈیرہ غازی خان، لیہ، بھکر اور مظفر گڑھ میں 27 سے 29 مئی کے دوران موسمی شدت کا امکان ہے۔
خیبر پختونخوا کے اضلاع سوات، دیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، کوہستان، چترال، شانگلہ، بونیر، مالاکنڈ، پشاور، مردان، نوشہرہ، صوابی، چارسدہ، ہنگو، ڈیرہ اسماعیل خان، بنوں، لکی مروت اور وزیرستان میں بھی 27 سے 29 مئی تک گرج چمک، آندھی اور بارش کی توقع ہے۔
بلوچستان میں کوئٹہ، ژوب، بارکھان، خضدار، قلات، لسبیلہ، مستونگ، قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبداللہ اور آواران کے علاقوں میں بھی 27 تا 29 مئی شدید بارش اور آندھی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
گلگت بلتستان میں دیامر، استور، سکردو، گلگت، ہنزہ، گھانچے اور شگر میں شدید بارشوں اور ژالہ باری کی پیش گوئی ہے، جو لینڈ سلائیڈنگ کا باعث بن سکتی ہے۔
آزاد کشمیر کے اضلاع وادی نیلم، مظفر آباد، راولاکوٹ، پونچھ، ہٹیاں، باغ، کوٹلی، بھمبر اور میرپور میں بھی یکم جون تک موسلا دھار بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت جاری کی ہے کہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔
عوام کو مشورہ دیا گیا ہے کہ طوفان اور شدید بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، کمزور تعمیرات، درختوں اور بل بورڈز کے قریب نہ جائیں، جبکہ فصلوں، گاڑیوں اور سولر پینلز کو ممکنہ نقصان سے بچانے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔