ملک میں معمول سے کم بارشیں، خشک سالی کے شدید خطرات منڈلانے لگے
محکمہ موسمیات کی خشک سالی مانیٹرنگ سینٹر کی ایڈوائزری کے مطابق پاکستان میں بارشوں میں غیرمعمولی کمی کے باعث خشک سالی کا خطرہ شدید تر ہوگیا ہے۔
گزشتہ سات ماہ میں معمول سے 40 فیصد کم بارشیں ریکارڈ کی گئیں، جس کے باعث سندھ، بلوچستان اور پنجاب کے کئی علاقے شدید متاثر ہوئے ہیں۔
ایڈوائزری کے مطابق:
سندھ میں 62%، بلوچستان میں 52% اور پنجاب میں 38% کم بارشیں ہوئیں۔کراچی، تھرپارکر، حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، بدین اور سانگھڑ خشک سالی کی زد میں ہیں۔
بلوچستان کے گوادر، پنجگور، کیچ، چاغی اور آواران بھی خشک سالی کا شکار ہیں۔پنجاب میں بہاولپور، بہاولنگر اور رحیم یار خان متاثرہ علاقوں میں شامل ہیں۔
اس کے علاوہ تربیلا اور منگلا ڈیموں میں پانی کی شدید قلت دیکھی جا رہی ہے، جس سے زراعت اور پینے کے پانی کی فراہمی متاثر ہوسکتی ہے۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ مہینوں میں درجہ حرارت میں اضافے سے خشک سالی مزید شدت اختیار کر سکتی ہے۔