وزیراعظم کا پاکستان میں 2 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری پر Maersk کا خیر مقدم
وزیراعظم محمد شہباز شریف سے عالمی شہرت یافتہ شپنگ کمپنی A.P. Moller – Maersk کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین رابرٹ میرسک نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان کے میری ٹائم سیکٹر میں سرمایہ کاری، موجودہ تعاون کو وسعت دینے اور مستقبل کے اشتراکی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے Maersk کی جانب سے پاکستان میں 2 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ تمام رکاوٹیں دور کر کے میری ٹائم شعبے کو عالمی مسابقتی معیار پر لایا جائے۔
وزیراعظم نے گزشتہ سال کمپنی کے ساتھ طے پانے والی یادداشتوں کو جلد از جلد معاہدوں کی شکل دینے کی ہدایت کی۔ ساتھ ہی میری ٹائم شعبے میں اشتراک کے لیے ایک ٹیکنیکل ورکنگ گروپ قائم کرنے اور اسے ایک ماہ میں سفارشات پیش کرنے کی ہدایت بھی دی۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے وسیع سمندری وسائل سے نوازا ہے، اور ان وسائل کو ملک کی بہتری کے لیے استعمال کرنے کے لیے ہم پرعزم ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ عالمی منظرنامے میں پاکستان کی تجارتی راہداری کے طور پر اہمیت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
ملاقات میں رابرٹ میرسک نے کہا کہ ان کی کمپنی کے 1924 سے پاکستان کے ساتھ تعلقات ہیں، اور آج یہ تعلقات پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط ہیں۔ انہوں نے پاکستان کے سی پورٹس میں سرمایہ کاری کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ کمپنی پاکستان کو خطے میں سمندری تجارت کا منفرد مرکز بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے پاکستانی حکومت کی معاشی پالیسیوں کو سرمایہ کاری کے لیے پُرکشش اور مثبت قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں Maersk کے کلائنٹس نے بھی پاکستان میں کاروباری مواقع میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔
اس اہم ملاقات میں Maersk کے سی ای او کیتھ سوینڈسن، ڈینمارک کے سفیر جیکب لینلف، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیر بحری امور محمد جنید انور چوہدری، وزیراعظم کے مشیر سید توقیر شاہ، معاون خصوصی طارق فاطمی سمیت متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام شریک تھے۔