ٹریڈنگ بند،سرمایہ کاروں کے اربوں روپے ڈوب گئے

ٹریڈنگ بند،سرمایہ کاروں کے اربوں روپے ڈوب گئے

ٹریڈنگ بند،سرمایہ کاروں کے اربوں روپے ڈوب گئے

کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج کاروباری دن کے دوران شدید مندی دیکھی گئی، جب بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس میں 6,249.10 پوائنٹس (5.26 فیصد) کی غیرمعمولی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد ٹریڈنگ کو 45 منٹ کے لیے معطل کرنا پڑا۔

ٹریڈنگ کا آغاز مثبت رجحان کے ساتھ 117,601.62 پوائنٹس پر ہوا، تاہم کچھ ہی دیر بعد مندی کا رجحان غالب آگیا اور انڈیکس صبح 10 بجے تک 3,000 سے زائد پوائنٹس کم ہو کر 115,414.09 پر آ گیا۔ دن 12 بجے تک یہ کمی 6,249.10 پوائنٹس تک پہنچ گئی اور انڈیکس 112,542.56 پر ٹریڈ کر رہا تھا۔

اب تک کی یومیہ کم ترین سطح 115,397.00 جبکہ بلند ترین سطح 117,601.62 ریکارڈ کی گئی۔ ابتدائی تجارتی گھنٹوں میں مجموعی حجم 63.14 ملین شیئرز رہا۔

سیمنٹ، کمرشل بینکنگ، آئل و گیس ایکسپلوریشن، ریفائنری، پاور جنریشن اور او ایم سی سمیت تمام بڑے شعبہ جات فروخت کے دباؤ کی زد میں رہے۔ انڈیکس ہیوی ویٹس جیسے حبکو، اے آر ایل، ماری پیٹرولیم، اوجی ڈی سی ایل، پی پی ایل، پی او ایل، پی ایس او، سوئی ناردرن اور سوئی سدرن کے شیئرز منفی زون میں ٹریڈ ہوئے۔

ٹاپ لائن سیکیورٹیز کے سی ای او محمد سہیل کے مطابق، عالمی اسٹاک مارکیٹوں میں شدید گراوٹ کے بعد پاکستانی مارکیٹ بھی دباؤ میں آئی۔ ان کے بقول، مارکیٹ نے گذشتہ ہفتے مثبت معاشی اشاروں پر تیزی دکھائی تھی لیکن آج کا دن فروخت کنندگان کے نام رہا۔

عالمی سطح پر ایشیائی مارکیٹس میں مندی کی بڑی وجہ امریکا اور چین کے درمیان تجارتی کشیدگی میں اضافہ بنی۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا کہ وہ چین سے معاہدے میں جلدی نہیں کریں گے، جبکہ بیجنگ نے بھی جوابی اقدامات کے اشارے دیے۔ ان بیانات کے بعد سرمایہ کاروں میں بے یقینی کی فضا پیدا ہوئی، جس کا اثر دنیا بھر کی مارکیٹوں پر پڑا۔

اگرچہ آج کی گراوٹ شدید نوعیت کی ہے، تاہم سال بہ سال کارکردگی کے لحاظ سے کے ایس ای 100 انڈیکس اب بھی 65.78 فیصد مثبت اضافہ دکھا رہا ہے، جبکہ رواں سال اب تک کی تبدیلی 0.25 فیصد کی سطح پر برقرار ہے۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں